کشمیر میں بہت خون بہایا جاچکا ہے، بس اب عوام امن چاہتے ہیں: ایس پی وید
02:12PM Sat 24 Mar, 2018
Share:
جموں۔جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا کہ کشمیری عوام امن چاہتے ہیں اور وادی میں گزشتہ دو برسوں کے دوران بہت خون بہایا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اس وقت امن کی طرف گامزن ہے اور یہ بہادر سیکورٹی فورس جوانوں کی قربانیوں سے ہی ممکن ہوسکا ہے۔ ڈاکٹر وید نے ہفتہ کے روز یہاں نگروٹہ علاقہ میں واقع جگتی ٹاون شپ میں پولیس کے مہلوک سیلکشن گریڈ کانسٹیبل دیپک ٹھسو کے افراد خانہ سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’انسداد عسکریت پسندی آپریشنز بہت ضروری ہیں تاکہ کشمیری عوام راحت کی سانس لے سکیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں موسم گرما میں حالات پرامن رہے۔
لوگ امن کے لئے ترس رہے ہیں۔ وہ امن چاہتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران تشدد میں بہت خون بہایاجاچکا ہے۔ یہ اعلیٰ وقت ہے کہ وہ لوگ جو دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں، احساس پیدا کرے‘۔ انہوں نے مزید کہا ’ریاست اس وقت امن کی طرف گامزن ہے اور یہ بہادر جوانوں کی قربانیوں سے ہی ممکن ہوسکا ہے‘۔
اس دوران ریاستی پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’ڈی جی پی نے ایس جی سی ٹی دیپک ٹھسوکے گھر جاکر ان کے افراد خانہ سے ملاقات کی۔ دیپک گذشتہ روز کپواڑہ کے ہلمت پورہ میں عسکریت پسندوں سے لڑتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس سربراہ نے دیپک کے لواحقین سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی‘۔ ایس پی وید نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’ میں ایس جی سی ٹی دیپک ٹھسو جنہوں نے عسکریت پسندوں سے لڑتے ہوئے عظیم قربانی پیش کی ہے، کے بچوں اور دیگر افراد خانہ کے ساتھ ملاقات کے دوران دلبرداشتہ ہوا۔ محکمہ دیپک کے کنبے کی مدد کرنے میں کوئی کمی باقی نہیں چھوڑے گا۔ خدا ان کے کنبے کو صبر عطا کرے‘۔