بھٹکل میں ڈیبلیو پی آئی کی جانب سے مرکزی اور ریاستی حکومت پر کڑی تنقید
04:22PM Mon 30 Sep, 2019
بھٹکل: 30 ستمبر،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ’’مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت دونوں میں ایسے لوگ ہیں جنہیں عوام کی کوئی فکر نہیں ہے وہ صرف اپنی جیبیں بھرنے اور تجوریاں چمکانے کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں جس کی تازہ مثال ریاست کے سیلاب کے بعد کے حالات ہیں‘‘۔ ان خیالات کا اظہار ویلفئیر پارٹی آف انڈیا (ڈیبلیو پی آئی) کے ریاستی صدر جناب طاہر حسین نے کیا وہ آج صبح یہاں ویلفئیر اسپتال میں منعقداخباری کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے۔
انہوں نے ریاست میں آئے حالیہ سیلاب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سیلاب کی وجہ سے کئی افراد بے گھر اور لاچار ہوگئے ہین لیکن حکومت کی جانب سے بنائے گئے راحت سینٹروں کی حالت اتنی خستہ ہوگئی ہے کہ راحت کے نام پر بنے ان کیمپوں میں صحیح رسد نہ پہنچنے سے موت تک ہورہی ہے ۔
انہوں نے افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی صورتحال اتنی سنگین ہونے کے باوجو وزراء اپنے زہریلے بیانوں سے نفرت کی کھیتی سینچنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے آکر میں وزراء کو ان سب کاموں کو چھوڑ کر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے آگے آنے کی درخواست کی۔
اس موقع پر ڈیبلیو پی آئی کے ضلعی جنرل سکریٹری جناب شوکت خطیب، یونس رکن الدین، عبدالجبار اسدی صاحب، ناصر حیس اور دیگر لوگ موجود تھے۔