طوفان فانی کے سبب ساوتھ سنٹرل ریلوے کو 2.97 کروڑ روپئے کا نقصان
11:02AM Sat 11 May, 2019
حیدرآباد: ساوتھ سنٹرل ریلوے کو طوفان فانی سے 2.97 کروڑروپئے کانقصان اٹھانا پڑا۔طوفان کے آنے کی مدت میں 137ٹرینیں متاثر رہیں اور بیشتر ٹرینوں کو جزوی طورپر منسوخ کیاگیا یا مکمل منسوخ کیاگیا یا پھر ان کے رخ کو تبدیل کیاگیا تاکہ مسافرین کی سلامتی کو یقینی بنایاجائے۔
ساوتھ سنٹرل ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر سی ایچ پرکاش نے اپنے پریس ریلیز میں یہ بات بتائی۔ اس پریس ریلیز میں کہا گیا کہ جملہ 120 ٹرینوں کو مکمل منسوخ کیا گیا اور 40,390 مسافرین کو ان کاکرایہ 2.93 کروڑ روپئے واپس کئے گئے جبکہ 9 ٹرینوں کو جزوی منسوخ کیا گیا اور پانچ ٹرینوں کے رخ کو موڑ دیا گیا جس کے نتیجہ میں 554 مسافرین نے اپنے ٹکٹس منسوخ کردیئے اور 3.44 لاکھ روپئے کی رقم واپس کرنی پڑی۔ تاہم ساوتھ سنٹرل ریلوے نے طوفان کے اثر کی کمی کے فوری بعد چوکسی کا مظاہرہ کیا اور اس نے اہم اسٹیشنوں پر پھنسے ہوئے مسافرین کی سہولت کے لئے تین خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا۔
ساوتھ سنٹرل ریلوے نے سکندرآباد، بھونیشور، وجئے واڑہ۔ہوڑہ اورسکندرآباد۔ہوڑہ کے درمیان 4 اور 5 مئی کے درمیان تین خصوصی ٹرینیں چلائی جس کے ذریعہ تقریبا 3,043 پھنسے ہوئے مسافرین اپنی منزل تک سفر کر سکے۔