وینزوئلا کی جیل میں قیدیوں اور پولس اہلکار کے درمیان زبردست تصادم، 29 قیدی ہلاک
11:18AM Sat 25 May, 2019
وینزوئلا کی ایک جیل میں ہوئے زبردست تصادم میں 29 قیدیوں کی موت ہو گئی اور 19 پولس اہلکار زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ جمعہ کو ایکاریگوا شہر کے ایک پولس لاک اَپ میں ہوا۔ ریاست کے پبلک سیکورٹی سکریٹری آسکر ویلیرو نے میڈیا سے کہا کہ ’’قیدیوں نے بھاگنے کی کوشش کی اور پھر گروپوں کے درمیان لڑائی شروع ہو گئی۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’جب پولس نے قیدیوں کو بھاگنے سے روکا اور معاملے میں بیچ بچاؤ کیا تو قیدیوں نے اس کی مخالفت کی اور دونوں فریقین کے درمیان تصادم شروع ہو گیا جس میں 29 قیدی مارے گئے۔‘‘
ایک خبر رساں ادارہ کے مطابق ویلیرو نے کہا کہ قیدیوں نے تین گرینیڈ پھینکے جس میں 19 پولس افسر بھی زخمی ہو گئے۔ ایکاریگوا کے لاک اَپ میں اب بھی 350 سے زائد لوگ ٹرائل کا انتظار کر رہے ہیں۔ ایک آزاد ایڈووکیسی گروپ دی وینزوئلن پریزنس آبزرویٹری (او وی پی) نے ملک کی 30 جیلوں میں پرانے قیدیوں کی بھیڑ، بدعنوانی اور تشدد کے لیے آٹھ سال پہلے بنائی گئی وزارت برائے انصاف اور اصلاح محکمہ کو قصورار ٹھہرایا ہے۔
او وی پی کا کہنا ہے کہ ’’ایکاریگوا میں جو کچھ بھی ہوا وہ ایک اجتماعی قتل ہے۔‘‘ ایک دیگر این جی او نے کہا کہ یہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب قیدی دیگر سہولیات کے مطالبے کو لے کر احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔
او وی پی کے مطابق جیل میں 35562 قیدیوں کے رہنے کی جگہ پر تقریباً 55 ہزار لوگ رہتے ہیں۔ گزشتہ ایک دہائی میں وینزوئلا کی جیلوں کے اندر کئی قیدیوں کی تشدد میں موت ہوئی ہے۔