انجمن حامئی مسلمین کے عام انتخابات 29/جنوری کو منعقد ہونگے؛ الیکشن کمشنر

04:16PM Wed 25 Dec, 2019

بھٹکل: 25 دسمبر، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) انجمن حامئی مسلمین کی اگلی چار سالہ میعاد کے لیے 29/جنوری کو عام انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ اس کی اطلاع آج صبح اخباری کانفرنس میں الیکشن کمشنر جناب اسحاق شابندری صاحب نے اخباری نمائندوں کو دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2020 سے 2024 تک کی مجلس انتظامیہ کے لیے 29 جنوری،2020 کو انتخابات ہونے جارہے  ہیں جو کہ صبح 10 بجے سے شام 05:30 بجے تک جاری رہیں گے جبکہ اس کے اگلے ہی دن صبح 10:00 بجے ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ان سب کارروائیوں کے بعد 08 فروری کو نومنتخب مجلس انتطامیہ کی پہلی نشست منعقد ہوگی جبکہ 22/فروری کو منعقد ہونے والی دوسری نشست میں عہدیداروں کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ الیکشن کمشنر کی طرف سے انتخابات میں حصہ لینے والوں کے لیے کچھ ہدایات جاری کی گئیں ہیں جو کہ حسب ذیل ہیں۔ مجلس ِانتظامیہ کے انتخابات میں مقابلہ کی امیدواری کے اہل افراد 25دسمبر 2019 سے 07جنوری 2020تک انجمن دفتر  میں  پانچ سو روپیہ فیس ادا کرکےالیکشن کمشنر سے  نامزدگی فارم حاصل کرسکتےہیں۔ 08جنوری 2020نامزدگی فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ ہوگی جبکہ 15جنوری 2020کو موصولہ فارم کی جانچ پڑتال کے  بعد امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی اور 18جنوری 2020کی شام پانچ بجے تک امیدوارخود  اپنا نامزدگی فارم واپس لے سکتاہے،  اس کے بعد 21جنوری 2020کو انتخابات کے اہل امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔ الیکشن کمشنر نے ووٹروں سے اس انتخاب میں بڑھ کر حصہ لینے اور قابل افراد کو چننے کی درخواست کی ہے۔