اجودھیا کے بعد اب کاشی۔ متھرا تنازعہ پر بھی سپریم کورٹ میں عرضی، 29 سال پرانے قانون کو رد کرنے کی مانگ

12:39PM Fri 12 Jun, 2020

نئی دہلی۔ اجودھیا میں متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کا راستہ ہموار ہونے کے سات ماہ بعد اب ایک ہندو تنظیم نے کاشی مندر تنازعہ جلد ہی نمٹانے کے لئے عدالت عظمی کا رخ کیا ہے۔ ہندو پجاریوں کی تنظیم وشو بھدر پجاری پروہت مہا سنگھ نے پوجا کے مقام (خصوصی التزام) ایکٹ 1991 کی آئینی جوازیت کو جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ یہ مرکزی قانون 18 ستمبر 1991 کو پاس کیا گیا تھا۔ یہ قانون کہتا ہے کہ 15 اگست 1947 کو ملک کی آزادی کے وقت مذہبی مقامات کی جو صورتحال تھی اسے بدلا نہیں جاسکتا۔ اگرچہ اجودھیا کو اس سے باہر رکھا گیا تھا، کیونکہ اس پر پہلے سے ہی قانونی تنازعہ چل رہا تھا۔ عرضی گزار نے کاشی وشو ناتھ اور متھرا مندر تنازعہ کے سلسلے میں قانونی عمل پھر سے شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ اس ایکٹ کو کبھی چیلنج نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی عدالت نے جوڈیشل طریقے سے اس پر غور کیا۔ اجودھیا تنازعہ پر فیصلے میں بھی سپریم کورٹ کی آئینی بنچ نے اس پر صرف تبصرہ کیا تھا۔