جمعیۃ الحفاظ کی جانب سے 28/فروری کو شروع ہوگا ریاستی سطح کا حفظ قرآن مسابقہ

03:11PM Wed 27 Feb, 2019

بھٹکل: 27 فروری،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) جمعیۃ الحفاظ بھٹکل کی جانب سے ریاستی سطح پر دو روزہ حفظ قرآن مسابقہ تنظیم ملیہ مسجد کے احاطہ میں  منعقد ہورہا ہے جس کا آغاز 28/فروری سے ہوگا اس کی جانکاری منگل کے روز بعد نماز عصر مدینہ ویلفئیر سوسائٹی کی عمارت میں منعقد اخباری کانفرنس میں جمعیۃ الحفاظ کے ذمہ داران نے دی۔ اس موقع پر تفصیلات پیش کرتے ہوئے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے استاد جناب مولانا وصی اللہ ندوی نے بتایا کہ یہ مقابلہ 28؍ فروری  کو شروع ہوگا اور یکم مارچ 2019 جمعہ کی رات کو ایک عظیم الشان اجلاس کے ساتھ اختتام کو پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ  پندرہ سال تک کی عمر کے حفاظ کے مابین منعقد ہونے والے اس مسابقہ کے لیے کل تین گروپ بنائے گئے ہیں۔ اس میں سے ایک گروپ میں پندرہ سال کی عمر کے طلباء کے درمیان ریاست کرناٹک کی سطح پر مسابقہ ہوگا جبکہ دیگر دو گروپوں میں ساحلی اضلاع بشمول گوا کے حفاظ شرکت کریں گے۔ مولانا نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھٹکل میں تقریبا 500/حفاظ کی جانب سے فارم پر کیے گئے تھے جس کے بعد ان تمام کے درمیان تین مرتبہ مسابقے کرائے گئے اور وہاں سے صرف 21؍حفاظ کو ہی اس میں موقع دیا گیا ہے۔ اسی طرح ساحلی اضلاع اور گوا کے مساہمین کے درمیان بھی پہلے مسابقہ کیا جائے گا اس کے بعد ہی انہیں مقابلے میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ اس موقع پر صدر جمعیۃ الحفاظ مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی صاحب، جنرل سکریٹری جمعیت الحفاظ جناب مولانا عرفان ندوی صاحب، جناب مولانا طلحہ صدیقی صاحب وغیرہ موجود تھے۔