کرناٹک : موب لنچنگ کے واقعہ کے خلاف بیدر میں 27 تنظیموں کا مشترکہ احتجاج
04:06PM Fri 20 Jul, 2018
Share:
کرناٹک کے ضلع بیدر میں پیش آئے موب لنچنگ واقعہ کی چوطرفہ مذمت کی جارہی ہے ۔آج بیدر کے ڈپٹی کمشنر دفتر کے روبرو 27 تنظیموں کی جانب سے مشترکہ احتجاج کیا گیا۔ احتجاجیوں نے شیوا جی چوک سے ڈی سی آفس تک ریالی نکالی اور حکومت کو ایک میمورنڈم روانہ بھیجا ۔ میمورنڈم میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس واقعہ کی مکمل اور شفاف جانچ کرائی جائے ۔
میمورنڈم میں اس کیس کی سی او ڈی کے ذریعہ جانچ کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔ اس موقع پہ خطاب کرتے ہوئے دیانند راو ایڈوکیٹ نے کہا کہ پولیس نے مکمل وفاداری کے ساتھ اپنی ذمہ داری انجام دی ۔ تاہم شر پسندوں نے پولیس کو بے بس کردیا تھا ۔ اب جب جانچ کی جارہی ہے تو صاحب اقتدار پولس کو مجبور کررہے ہیں اور اس واقعہ کو ایک اتفاقی حادثہ قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے ، جو سراسر غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرایسا ہوتا ہے تو ملک و سماج دشمن عناصر کے حوصلہ بلند ہوں گے اور عام عوام کا ملک کے قانون سے اعتماد ختم ہو جائے گا۔ دیانند راو نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ آج ریاست میں ایک سیکولر حکومت ہے ، ہم اس حکومت سے امید کرتے ہیں کہ اس واقعہ میں جن افراد پہ ظلم کیا گیا ہے ، ان کے ساتھ انصاف ہو گا۔