ستمبر 27 کو’’ جشن پاسبان‘‘ وزیر اعلیٰ اور دیگر شخصیات شرکت کریں گے

03:56PM Sun 24 Sep, 2017

اُردو میڈیا سے پاسبان کے ایڈیٹر عبیداللہ شریف کی گفتگو بنگلور:( بھٹکلیس نیوز) روزنامہ پاسبان بنگلور کی طرف سے آزادی کے70سال اور پاسبان کی اشاعت کے71سال مکمل ہونے پر27ستمبر کو جشن پاسبان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے روزنامہ پاسبان کے ایڈ یٹر جناب عبیداللہ شریف نے آج یہاں اُردو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس موقع پر ایک ساؤنیٹر کااجراء عمل میں آئے گا۔کرناٹک کے وزیر اعلیٰ مسٹر سدرامیا ساؤنیٹر کا اجراء کریں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ اور رکن پارلیمان مسٹر ویراپا موئیلی ویب سائٹ کا اجراء کریں گے۔ رکن پارلیمان اور سابق مرکزی وزیر جناب رحمن خان اس تقریب کی صدارت فرمائیں گے۔ ای پیپر کا اجراء جناب روشن بیگ کے ہاتھوں میں عمل آئے گا۔ حضرت خواجہ غریبنواز درگاہ اجمیرکے سجادہ نشین سیدزین العابدین مہمان خصوصی اور سرپرست کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ جناب عبیداللہ شریف نے بتایا کہ اس موقع پر اُردو زبان اور صحافت کی خدمات کے اعتراف میں چند شخصیات کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ یہ پروگرام 27ستمبر کی شام 6بجے شمس کنونشن ہال میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام10ستمبر کو منعقد ہونا تھا حضرت امیر شریعت مفتی محمد اشرف علی باقوی ؒ کی اچانک رحلت کی وجہ اس پروگرام کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔ مفتی اشرف علی صاحب مرحوم جشن پاسبان تقریب کے سرپرست تھے اور حضرت مفتی صاحب کو ان کی علمی ادبی وملی خدمات پر ’’ کارنامہ حیات‘‘ ایوارڈ سے نوازا جانے والا تھا اب یہ ایوارڈ حضرت کے فرزند اور دارلعلوم سبیل الرشاد کے مہتمم مولا نا احمد معاذ کو پیش کیا جائے گا۔ جناب عبیداللہ شریف نے بتایا کہ ساؤنیٹر میں مسلم مجاہد آزادی، مسلم قائدین، علماء اور اداروں کے تعارفی خاکے پیش کئے گئے ہیں انہوں نے بتایا کہ اس اجلاس کے بعد ایک مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔