ہجومی قتل' ہندوستان کی جمہوریت پر کالا دھبہ ۔ عبدالحنان 

04:08PM Tue 22 Aug, 2017

گلبرگہ ( بھٹکلیس نیوز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI)کی ملک گیر عوامی مہم ' ہجومی قتل کے خلاف مزاحمت 'جو گزشتہ یکم اگست سے ملک بھر میں جاری ہے اسی عوامی مہم کے ایک حصہ کے طور پر شہر گلبرگہ میں شاداب فنکشن ہال کے قریب عظیم الشان اجلاس عام کا انعقاد کیا گیا ۔ بھاری برسات کے باوجود سینکڑوں افراد اس عوامی اجلاس میں شریک رہے۔ عوامی اجلاس میں SDPIکے ریاستی صدر عبد الحنان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہجومی قتل ہندوستان کی جمہوریت پر کالا دھبہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی ملک گیر سطح پر ' ہجومی قتل کے خلاف مزاحمت 'کے عنوان کے تحت عوامی اجلاس ، سمینار، کارنر میٹنگس کا انعقاد کرکے گؤ رکشا کے نام پر معصوم دلتوں ، مسلمانوں اور کسانوں کا قتل کرنے والے دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والی مرکزی اور ریاستی حکومتوں اور انتظامیہ کے چہرے کوعوام کے سامنے بے نقاب کررہی ہے۔ ایس ڈی پی آئی کی اس مہم کا مقصد ملک میں آئین کی بحالی کے لیے اور سنگھی ایجنڈوں کے نفاذ کو روکنا ہے۔ ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر عبدالحنان نے مزید کہا کہ ملک کے موجودہ صورتحال کے مد نظر ایس ڈی پی آئی آئین کی حفاظت کرنے،انصاف اور برابری،امن اور سلامتی کو بر قرار رکھنے کے لیے ملک گیر سطح پر ( 1تا 25اگست)عوامی مہم چلارہی ہے۔ اسی ملک گیر مہم کے ایک حصہ کے طور پر 25اگست بروز جمعہ بوقت دو پہر 1.30بجے 'نکلو گھر سے باہر ' مظاہرے کا انعقاد کررہی ہے۔ انہوں نے تمام امن پسند شہریوں اور تنظیموں سے اپیل ہے کہ آپ اپنے اپنے گھروں کے باہر ایک ساتھ کھڑے ہوکر یا مقررہ مقام پر انسانی زنجیر بنا کر اپنے بازوؤں میں سیاہ پٹی باندھ کر یا پلے کارڈ لیکراس پروگرام میں شامل ہوکر اپنی مزاحمت کا خاموشی سے مظاہرہ کرکے بھارت میں سماجی جمہوریت، سیکولرازم، مساوات، انصاف اور آئینی عقائد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں۔ اس عوامی اجلاس میں BAMCEFکے ریاستی صدر سبھاش، ایس ڈی پی آئی ریاستی سکریٹری عبدالرحیم پٹیل، آل انڈیا امامس کونسل ریاستی سکریٹری مولانا عتیق الرحمن ، پاپولرفرنٹ ضلعی صدرمحمد محسن، بی ایس پی ضلعی صدر بودانکر، ایس ڈی پی آئی ضلعی صدر سید ذاکر، ضلعی جنرل سکریٹری شاہد نصیرگلبرگوی، ضلعی سکریٹری سید دستگیر، جمیعتہ قریش کے صدرعبدالقادر قریشی اور علیم الہی سمیت سینکڑوں پارٹی کارکنان شریک رہے۔