کشمیر میں مکمل بند کا 26واں دن، سری نگر کی سڑکیں پھر سے سیل

02:26PM Fri 30 Aug, 2019

سری نگر: کشمیر جمعہ کو مسلسل 26 ویں روز بھی مکمل طور پر بند رہا۔ جمعہ کو سری نگر کے بیشتر حصوں اور دیگر 9 اضلاع کے قصبہ جات میں لوگوں کی آزادانہ نقل و حرکت پر سخت ترین پابندیاں نافذ رہیں جبکہ دیگر حصوں میں دفعہ 144 کے تحت چار یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔
وادی کی متعدد مساجد اور امام بارگاہوں بالخصوص سری نگر کے نوہٹہ میں واقع تاریخی و مرکزی جامع مسجد میں مسلسل چوتھے جمعہ کو بھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انتظامیہ نے سری نگر کا قلب کہلائے جانے والے تاریخی لالچوک کی طرف جانے والی بیشتر سڑکوں کو خاردار تار سے بند کردیا تھا۔ مختلف اضلاع کو سری نگر کے ساتھ جوڑنے والی سڑکوں پر خاردار تار بچھائی گئی تھی۔ ان سڑکوں پر تعینات ہزاروں سیکورٹی فورسز اہلکار کسی بھی گاڑی کو لال چوک کی طرف جانے کی اجازت نہیں دے رہے تھے۔ ایمبولنس اور سرکاری ملازمین کی گاڑیوں کو بھی لال چوک کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔