گجرات: باراتیوں سے بھرے ٹرک کے پلٹنے سے 26 افراد کی موت

12:42PM Tue 6 Mar, 2018

بھاؤنگر۔ گجرات میں بھاؤنگر ضلع کے امراڈا علاقہ میں آج ایک ٹرک کے پلٹ جانے سے اس میں سوار 26 افراد کی موت ہو گئی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ اے ایم سید نے بتایا کہ صبح پاليتانہ سے بارات لے کر جا رہا ایک ٹرک گونڈيا نالے کے پل پر اچانک بے قابو ہوکر پلٹ گیا۔ اس حادثے میں ٹرک میں سوار 26 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے اور ضروری کارروائی کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ٹرک پر تقریبا ساٹھ لوگ سوار تھے۔ حادثہ میں زخمی ہوئے کئی لوگوں کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے جس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ ٹرک کے اندر پھنسے لوگوں کی چیخ و پکار سن کر اطراف کے لوگوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو باہر نکالا۔ اس بیچ حادثہ کی خبر ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور راحت اور بچاو آپریشن جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہاں پل کا تعمیراتی کام چل رہا تھا اور اسی درمیان سامنے سے آ رہی ایک انڈیکا کار کو بچانے کے چکر میں ٹرک بے قابو ہو کر نالے میں گر گیا۔ بھاو نگر کے ضلع کلیکٹر نے اس حادثہ میں فی الحال 26 لوگوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک شادی تقریب میں شریک ہونے کے لئے لوگ بذریعہ ٹرک جا رہے تھے جس میں تقریبا 60 لوگ سوار تھے۔ نیوز ایجنسی یو این آئی، اردو کے ان پٹ کے ساتھ