قطر کی قدیم ترین اردو ادبی تنظیم بزمِ اردو قطر کی جانب سے 26 مئی کو "ایک شام افتخار راغبؔ کے نام" کا اہتمام

01:09PM Mon 23 May, 2016

با کمال شاعروں اور ادیبوں کی منفرد تنظیم، بزمِ اردو قطر (قائم شدہ 1959ء ؁) کی جانب سے تخلیقِ کارِ کلامِ دل پذیر، علمبردارِ توازنِ لفظ و معنی اور بدرِ آسمانِ شعر و سخنِ قطر جناب افتخار راغب کے نام ایک شام کا اہتمام جمعرات، بتاریخ 26 مئی 2016 بوقت 8:15 شب ، کو کیا جارہا ہے۔ یہ پروگرام دوحہ قطر کے معروف ہوٹل لایتوال ہوٹل ( Hotel Letoile)، نزد المانع/ ٹویوٹا سگنل ، کے کشادہ ہال میں منعقدہونا طے پایا ہے۔ قطر کی قدیم ترین اردو ادبی تنظیم بزمِ اردو قطر ، جو اب تک تیرہ عالمی سیمینار اورسینکڑوں مشاعرے کا اہتمام کر چکی ہے، نے دو سال قبل یہ طے کیا تھاکہ دیگر ادبی و شعری پروگراموں کے علاوہ قطر میں مقیم با کمال ادبی شخصیات کی قدر دانی کے لیے ان کے نام ایک خصوصی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ اس سلسلے میں اب تک شاعرِ خلیج، فخر المتغزلین جناب جلیلؔ نظامی، جدید لب و لہجہ کے معروف و معتبر شاعر جناب عتیق انظرؔ اور تعمیری و اسلامی فکر کے ترجمان شاعرِ شیریں کلام و ادیبِ خوش بیان جناب شادؔ آکولوی کی یاد گار شامیں منعقد ہو چکی ہیں۔ اس بار خصوصی شام، دبستان قطر کے ایک گوہرِنایاب، سنجیدہ اور مزاحیہ شاعری کے آسمان کے روشن آفتاب، بزمِ اردو قطر کی شان، سادگی و پرکاری کے ترجمان جناب افتخار راغبؔ کے نام منعقد ہو رہی ہے۔ افتخار راغبؔ قطر میں کئی ادبی تنظیموں سے وابستہ ہو کر ادبی و شعری خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مارچ ۱۹۹۹ میں قطر میں آمد کے کچھ ہی دنوں بعد آپ بزمِ اردوقطر سے وابستہ ہو گئے اور گزشتہ ۶ برس سے جنرل سکریٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ آپ کے اب تک تین شعری مجموعہ ہائے کلام ’لفظوں میں احساس‘، ’خیال چہرہ‘ اور ’ غزل درخت‘ منظرِعام پر آکر مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔ آپ کی سنجیدہ شاعری کا چوتھا مجموعہ کلام اور مزاحیہ شاعری کا پہلا مجموعہ کلام زیر ترتیب ہیں۔ جناب افتخار راغبؔ کا شمار قطر کے مقبول ترین شعراء میں ہوتا ہے۔ کئی گلوکار آپ کے کلام سے استفادہ کرتے رہتے ہیں۔ بزمِ اردو قطر کے ادبی پروگراموں کی کامیابی میں آپ کی انتھک کوششوں کا بڑا دخل ہوتا ہے.۔ حال ہی میں الخوبر، سعودی عرب میں ادارہ ہدف کے عالمی جشنِ مزاح جو بیادِ سلیمان خطیب میں آپ اپنی بہت کامیاب شرکت درج کرا چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ دوحہ، قطر میں انڈین ایسو سی ایشن آف بہار اینڈ جھارکھنڈ (IABJ) کے عالمی مشاعرے کو کامیاب بنانے میں بحیثیتِ مشاعرہ کوآرڈینیٹر آپ کابہت اہم رول رہا ہے۔ جناب افتخار راغبؔ گوپال گنج ، بہار (ہندوستان) کے رہنے والے ہیں۔ پیشہ کے اعتبار سے سوِل انجینئر ہیں اور دوحہ قطر میں عرب انجنیئرنگ بیورو میں بحیثیتِ پروجکٹ مینیجر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آپ نے ہندوستان کی معروف یونیورسی ٹی جامیہ ملیہ اسلامی ، دہلی سے سوِل انجنیئرنگ میں بی ٹیک کی ڈگری حاصل کی ہے۔ اردو دنیا کی مختلف تنظیمیں اب تک آپ کو متعدد ادبی ایوارڈ س سے سرفراز کر چکی ہیں۔ کئی بڑے شعرا و تنقید نگاروں نے آپ کی شاعری پر تبصرہ کیا ہے اور غیر معمولی طور پر پذیرائی کی ہے۔ قطر اور بیرونِ قطر کے کئی عالمی مشاعروں میں آپ نے شرکت کی ہے اور سامعین کے دلوں پر اپنی شاعری کا جادو جگایا ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی آپ کی شاعری بہت تیزی سے عوام و خواص کو اپنی طرف راغب کر رہی ہے جس سے آپ کی مقبولیت میں روز بروزاضافہ ہو رہا ہے۔ بزمِ اردو قطر، دوحہ قطر میں مقیم تمام ادباء و شعراء اور باذوق سامعین کو بغیر کسی تفریق کے شرکت کی پرخلوص دعوت دیتی ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے مندرجہ ذیل نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: 66126296 ، 33649189 ، 55253118 اور 55707870۔ اس خصوصی پروگرام میں جناب افتخار راغبؔ اپنی سنجیدہ اور مزاحیہ شاعری سے دل کھول کر سامعین کو محظوظ کریں گے۔ ان کے فن اور شخصیت پر مختصر مضامین پیش کیے جائیں گے اور مقامی شعراء کرام منظوم خراجِ تحسین پیش کریں گے۔اس کے علاوہ چند معروف مترنمین اپنی دل کش آواز میں جناب افتخار راغبؔ کا منتخب کلام پیش فرمائیں گے۔ بزمِ اردو قطر کے ذمہ داران پروگرام کو یادگار بنانے کے لیے آپ کی با ذوق سماعتوں کے منتظر ہیں۔