ایڈی یورپا کے فیصلوں کے خلاف ایشورپا دوبارہ ناراض
12:50PM Mon 27 Jun, 2016
بھٹکلیس نیوز / 27 جون، 16
بلاری / (نامہ نگار) سابق ریاستی نائب وزیر اعلیٰ و کونسل میں اپوزیشن کے لیڈر کے ایس ایشورپا نے الزام لگایا ہے کہ پارٹی کے ضلع یونٹوں کے صدر، جنرل سکریٹری اور مختلف مورچہ کے عہدیداروں کی نامزدگی کے تعلق سے بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس ایڈی یورپا نے یک طرفہ فیصلہ کیا ہے جس سے پارٹی کارکن الجھن کا شکار ہوگئے ہیں۔ یہاں اخباری کانفرنس میں بات کرتے ہوئے ایشورپا نے یہ الزام لگایا اور کہا کہ اس سے قبل بھی انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا تھا تاہم یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے پارٹی رہنماؤں کے روبرو اسے حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی کونسل میں بی جے پی جنتادل اتحاد برقرار رہے گا۔ پارٹی کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا اور ڈی ایچ شنکر مورتی کے درمیان بات چیت ہوئی ہے اور گوڈا نے کسی بھی حالت میں کانگریس کے ساتھ اتحاد سے انکار کیا ہے۔