حافظ سعید کی تنظیم نے جاری کی 259 امیدواروں کی فہرست، بیٹا اورداماد کو بھی بنایا امیدوار

03:56PM Thu 21 Jun, 2018

پاکستان میں آئندہ ماہ کی 25 تاریخ کو ہونے والے عام انتخابات کے لئے جماعت الدعوہ نے پورے پاکستان میں اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ ان 259 امیدواروں میں ممبئی حملے کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کا بیٹا اور داماد بھی شامل ہے۔ حافظ سعید کی  تنظیم  جماعت الدعوہ کی سیاسی  یونٹ نے پاکستان کو اسلام کا گڑھ بنانے کا عہد کیا ہے۔ ان انتخابات میں حافظ سعید خود میدان میں نہیں ہے۔ دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے اس پر امریکہ نے ایک کروڑ ڈالر کا انعام رکھا ہے۔
دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ سے جڑے، جماعت الدعوہ نے 2008 میں ممبئی میں دہشت گردانہ حملے کو انجام دیا تھا۔ جماعت الدعوہ نے اپنے سیاسی سفر کی شروعات کرنے کے لئے ایک سیاسی پارٹی کی تشکیل کی ہے، جس کا نام ملّی مسلم لیگ (ایم ایم ایل) ہے۔ پاکستان الیکشن کمیشن نے ایم ایم ایل کی سیاسی پارٹی کے طورپر رجسٹرڈ کرنے سے منع کردیا تھا۔ اس سے قبل وزارت داخلہ نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایم ایم ایل جماعت الدعوۃ کی ہی برانچ ہے، جس کی قیادت حافظ سعید کرتا ہے اور اس پر اقوام متحدہ نے پابندی عائد کررکھی ہے۔ عام انتخابات کے نزدیک آنے کے ساتھ ہی تنظیم نے کمیشن میں رجسٹرڈ اور چھوٹی پارٹی اللہ اکبر تحریک کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم ایم ایل نے بتایا کہ تنظیم کے سبھی حامی امیدواروں کی امیدواری قبول کرلی گئی۔ ایم ایم ایل کے ایک لیڈر نے بتایا کہ حافظ سعید کا بیٹا حافظ طلحہ سعید این اے 91 سیٹ سے، جبکہ اس کا داماد حافظ خالد ولید این اے 133 سیٹ سے اللہ اکبر تحریک کے انتخابی نشان ’’کرسی‘‘ کے تحت الیکشن لڑ رہے ہیں۔ لیڈر نے بتایا کہ پارٹی کے امیدوار لاہور کی چار نیشنل اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کے امیدوار پنجاب اسمبلی کی 15 سیٹوں پر بھی انتخابی میدان میں ہیں اور اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔ (ایجنسی کے ان پٹ کے ساتھ)