پٹرول- ڈیژل اب ہوا سستا، حکومت نے کی ایکسائز ڈیوٹی میں 2.5 روپئے کی تخفیف

12:35PM Thu 4 Oct, 2018

نئی دہلی: پٹرول -ڈیژل کی قیمتوں میں تخفیف کرنے کے لئے حکومت نے بڑا قدم اٹھایا ہے۔ حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی میں 2.5 روپئے فی لیٹر کی تخفیف کا اعلان کیا ہے۔ وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ڈیڑھ روپئے ایکسائز ڈیوٹی اورایک روپئے آیل مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرف سے کٹوتی کی جائے گی۔ مرکزی حکومت کی طرف سے کی گئی تخفیف کے لحاظ سے اب یہ تخفیف  ڈھائی روپئے کی ہوگی۔ یہ کٹوتی فوری اثرسے نافذ ہوجائے گی۔ پریس کانفرنس میں ارون جیٹلی نے کہا کہ ہم ریاستوں سے بات کریں گے کہ وہ مرکز کے برابر کی چھوٹ اپنے ویٹ میں دیں تاکہ عوام کو فوری طورپرفائدہ مل سکے۔
 سرکاری خزانے پر پڑے گا 10500 کروڑ کا اثروزیرخزانہ ارون جیٹلی نے بتایا کہ ایکسائز ڈیوٹی میں یہ تخفیف اگرپورے سال تک جاری رہتی ہے تو اس سے 21 ہزار کروڑ روپئے کا اثر سرکاری خزانے پر پڑے گا۔ حالانکہ اس مالی سال میں چھ ماہ باقی ہیں تو اس کا حکومت پر 10,500 کروڑ روپئے کا بوجھ پڑے گا۔ یہ جاری مالی سال کے لئے طے سرکاری خزانے کے نقصان  کے ہدف پراس کا کوئی اثرنہیں پڑے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پٹرول اورڈیژل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا، جس کی وجہ سے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں نے پٹرول اورڈیژل کی قیمتوں کو لے کر احتجاج بھی کیا تھا اورمودی حکومت کی سخت مخالفت کی تھی۔