’’نذرِ ابوالکلام قاسمی‘‘ کا اجراء 24؍مئی کو ابن سینا اکیڈمی میں
01:17PM Sat 21 May, 2016
علی گڑھ 21-5-2016: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اردو کے سابق صدر ، معروف نقاد اور دانشور پروفیسر ابوالکلام قاسمی کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں شعبۂ اردو کے استاد ڈاکٹر معید الرحمن کے ذریعہ ترتیب دی گئی کتاب ’’نذرِ ابوالکلام قاسمی‘‘ کی رسم اجراء 24 ؍مئی کو ابن سینا اکیڈمی میں عمل میں آئے گی۔ اس کتاب کی اہمیت وافادیت پرروشنی ڈالتے ہوئے معروف اسکالر ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ پروفیسر قاسمی اردو تنقید نگاری کا معتبر نام ہیں انھوں نے اپنے قلم کے ذریعہ اردو زبان و ادب کی جو خدمات انجام دیں ہیں اس سے اردو زبان وادب کو نئی جہت ملی ہے۔ 16 کتابیں اور متعد د مضامین ومقالات ان کی علمی، ادبی اور دانشورانہ صلاحیتوں کا جیتا جاگتا ثبوت ہیں۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ انھیں ساہتیہ اکادمی ، فخرالدین علی احمد غالب ایوارڈ، گورنر ایوارڈ وغیرہ تو ملے ہی ہیں ساتھ ہی حال ہی میں بہار اردو اکادمی نے انکی مجموعی خدمات کے اعتراف میں ڈیٹرھ لاکھ روپئے کا سید سلیمان ندوی ایوارڈ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پروفیسر قاسمی الفاظ، انکار، تہذیب الاخلاق، فکرونظر جیسے رسائل کے مدیررہ چکے ہیں اور تہذیب الاخلاق کے اداریوں سے ان کی دانشوری کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔
پروفیسر قاسمی کی علمی وادبی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر معید الرحمن نے ’’نذر ابوالکلام قاسمی‘‘ کو ترتیب دے کر اہم کام انجام دیا ہے۔ اس کتاب کی رسم اجراء 24؍مئی 2016 کو شام 7 بجے ابن سینا اکیڈمی میں عمل میں آئے گی۔ تقریب کی صدارت پدم شری حکیم سید ظل الرحمن کریں گے جبکہ مہمانِ اعزازی پروفیسر سعود الحسن ہونگے ڈاکٹر جسیم محمد نے ادب نواز شخصیات سے شرکت کی استدعا کی ہے۔