تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلی اور ڈی ایم کے سربراہ ایم کروناندھی گزشتہ کئی دنوں سے چنئی کے کاویری اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہیں ۔ تازہ ہیلتھ بلیٹن کے مطابق ان کی حالت انتہائی سنگین ہے اور اگلے 24 گھنٹے ان کیلئے مشکل بھرے رہنے والے ہیں ۔
اسپتال کی طرف سے کل شام چھ بجے کروناندھی کا ہیلتھ بلیٹن جاری کیا گیا ، جس کے مطابق ان کی صحت پہلے سے مزید خراب ہوگئی ہے ۔ عمر سے وابستہ بیماریوں کی وجہ سے ان کے اعضا کو کارگر بنائے رکھنا ڈاکٹروں کیلئے ایک چیلنج بنا ہواہے ۔
اس بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ مسلسل ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں اور اگلے 24 گھنٹے وہ علاج پر جیسا رد عمل ظاہر کریں گے ، اسی کی بنیاد پر کچھ کہا جاسکتا ہے ۔
ادھر کروناندھی کی طبیعت میں مزید خرابی کی خبر سنتے ہی پیر سے ہی ان کے حامی اسپتال کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔ اسپتال کے باہر بیریکیڈنگ کردی گئی ہے اور وہاں بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔