کورونا وائرس: 24 گھنٹوں میں 72 افراد ہلاک، 2532 نئے معاملے، حالات تشویشناک

04:36PM Mon 4 May, 2020

نئی دہلی: ملک بھر میں کورونا وائرس ’كووڈ -19‘ وبا سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے 2553 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اورمزید 72 مریضوں کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 1375 ہو گئی ہے۔
 ملک کی الگ الگ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 42533 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر افراد کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 1074 افراد کے صحت مند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد11707 تک پہنچ گئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کی صبح جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کا پھیلاؤ ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہوچکا ہے۔
 کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں حالات مسلسل تشویشناک ہوتے جا رہے ہیں اور گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 678 نئے کیسز کے بعد ریاست میں متاثرین کی تعداد 12974 تک پہنچ گئی ہے اور اس دوران 21 مزید افراد کی موت کے بعد اس وبا سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 548 ہو گئی ہے۔ وہیں ریاست میں 2000 متاثرمریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔
 گجرات گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 374 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی تعداد کے معاملہ میں دوسرے مقام پر برقرار ہے۔ گجرات میں متاثرین کی مجموعی تعداد 5428 ہو گئی ہے اور 28 مزید افراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 290 تک پہنچ گئی ہے۔
 قومی دارالحکومت دہلی میں بھی حالات تشویشناک بنے ہوئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 427 نئے کیسز درج کیے جانے کے بعد سے اب تک کل 4549 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ دہلی میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر64 ہو گئی ہے جبکہ اب تک کل 1362 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔