24؍فروری سے راہل گاندھی کا دوسرے مرحلہ کا دورۂ کرناٹک

03:27PM Thu 22 Feb, 2018

بنگلور۔22؍فروری(ذرائع) کانگریس صدر راہل گاندھی 24؍فروری سے کرناٹک میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ کانگریس صدر کے کرناٹک کے دوسرے مرحلہ کے تین روزہ دورہ کے دوران وہ ریاست کے ممبئی۔ کرناٹک علاقہ میں بیلگاوی، وجئے پورہ(بیجاپور) باگل کوٹ اور دھارواڑ اضلاع کا احاطہ کریں گے۔ راہل ریاست کے ان علاقوں کا تین روزہ دورہ جناآشیرواد یاترا کے طورپر کریں گے۔ اے آئی سی سی کے انچارج سکریٹری مانکیم ٹائیگور نے نئی دہلی میں یہ بات بتائی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ اس تین روزہ دورہ کے دوران کانگریس صدر عوامی جلسوں،خواتین کی ریلی سے خطاب کرنے کے علاوہ مختلف گروپوں سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ ٹائیگور نے بتایا کہ حسب معمول کانگریس صدر خصوصی بس کے ذریعہ یہ سفر کریں گے۔ اس دورہ کی مختلف سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے ٹائیگور نے بتایا کہ امید ہے کہ اس دورہ کے دوران کانگریس صدر مندروں اور عبادت گاہوں کا بھی دورہ کریں گے۔ پہلے مرحلہ کے دورہ کے دوران راہل نے10تا13فروری حیدرآباد، کرناٹک علاقہ کا احاطہ کیا تھا۔حالانکہ الیکشن کمیشن نے کرناٹک میں224رکنی اسمبلی انتخابات کے لئے ابھی شیڈول جاری نہیں کیاہے۔ اس کے با وجود کانگریس اور بی جے پی کے قومی لیڈروں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے ایک دوسرے پر نکتہ چینی کا آغاز کردیاہے۔ حکمران کانگریس اقتدار پر واپس لوٹ آنے کی خواہشمند ہے جبکہ بی جے پی جنوبی ہند کی ریاست پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔