شاہ سلمان کی ہدایت پر مسجد قباء کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے انتظامات مکمل
03:32PM Mon 24 Dec, 2018
سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایت پر عمل درامد کرتے ہوئے مملکت میں اسلامی امور اور دعوت و ارشاد کے وزیر عبداللطیف آل الشیخ نے مدینہ منورہ میں واقع مسجد قبا کو چوبیس گھنٹے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان متعلقہ اقدام کے لیے مطلوب تیاریوں کے پورے کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
مسجد قبا کو تاریخ اسلام کی پہلی مسجد ہونے کی بنا پر سیرت نبوی میں خصوصی فضیلت حاصل ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہر ہفتے کے روز مسجد قبا پہنچ کر وہاں نماز ادا فرماتے تھے۔ مدینہ منورہ کے لوگ آج بھی اس سنت پر عمل پیرا ہیں۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رواں سال ستمبر میں مسجد قبا کے دورے میں وہاں کے ناظمین کو ہدایت کی تھی کہ وہ مسجد کو دن اور رات کھلا رکھ کر یہاں آنے والوں کے لیے آسانی پیدا کریں۔
مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے مسجد قبا کی دیکھ بھال کے حوالے سے خصوصی توجہ دینے اور مسجد کو چوبیس گھنٹے کھولنے کو ممکن بنانے کے لیے مطلوبہ انتظامات مکمل کروانے پر خادم حرمین شاہ سلمان کا شکریہ ادا کیا۔مسجد قباء کے 4 مینار اور 56 گنبد ہیں۔ مسجد کا کُل رقبہ 13500 مربع میٹر ہے۔ اس میں مسجد کی عمارت 5860 مربع میٹر پر مشتمل ہے۔ مسجد میں 20 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مدینہ منورہ کی انتظامیہ ایک بار پھر مسجد کی توسیع کے کام کا آغاز کر رہی ہے جس کے بعد اس عظیم فضیلت کی حامل مسجد میں 55 ہزار افراد نماز ادا کر سکیں گے۔