پھولوں کی نمائش سے لال باغ کو 2.38کروڑ کی آمدنی
12:42PM Sun 19 Aug, 2018
بنگلور 19؍اگست( سالارنیوز) اس سال یوم آزادی کے موقع پر لال باغ میں پھولوں کی نمائش دیکھنے کے لئے 5لاکھ سے زیادہ افراد پہنچے جوکہ ایک ریکارڈ ہے، 4سے 15؍اگست کے درمیان ہوئی بارہ روزہ پھولوں کی نمائش سے محکمہ باغبان کوٹکٹوں کی فروخت کے ذریعہ کل 2کروڑ 38لاکھ روپئے وصول ہوئے جبکہ گزشتہ سال داخلہ ٹکٹ سے دوکروڑ 14لاکھ روپئے آمدنی ہوئی۔ اس طرح فلور شوکی تاریخ میں داخلہ ٹکٹ کے ذریعہ یہ اب تک کی سب سے زیادہ آمدنی ہے۔ اس سال لال باغ شومیں داخلہ کی شرح بالغوں کے لئے 70روپئے اور بچوں کے لئے 20روپئے مقررکی گئی تھی۔ محکمہ باغبانی کے افسروں نے بتایاکہ لال باغ شو کے پہلے دن 12ہزارافراد نمائش دیکھنے آئے اورداخلہ ٹکٹ سے 8.2لاکھ روپئے جمع ہوئے جبکہ 15؍اگست کویوم آزادی کے موقع پر ایک لاکھ 77ہزار افراد لال باغ شودیکھنے کے لئے آئے اورٹکٹ کی فروخت کے ذریعہ 75لاکھ روپئے کی آمدنی ہوئی انہوں نے بتایاکہ 12دن تک چلی پھولوں کی نمائش دیکھنے کیلئے کل 4,99,457افراد لال باغ پہنچے۔ محکمہ باغبانی کے افسروں نے بتایاکہ چونکہ اس برس لال باغ شو میں داخلہ ٹکٹ میں اضافہ کیاگیاتھا اس بار ریکارڈ آمدنی ہوئی یوم آزادی کے دن لال باغ شو دیکھنے کے لئے امڈی لوگوں کی بھیڑکے پیش نظر محکمہ باغبانی کے افسروں نے پھولوں کی نمائش میں مزید 2دن کی توسیع کافیصلہ کیاہے۔