تلنگانہ : انٹرکاسٹ لو میرج کی ملی سزا ، حاملہ بیوی کے سامنے ہی 23 سالہ نوجوان کا بے رحمی سے قتل

02:18PM Sun 16 Sep, 2018

تلنگانہ کے نل گونڈا ضلع میں ایک نوجوان کا اس کی حاملہ بیوی کے سامنے ہی بے رحمی سے قتل کردیا گیا ۔ یہ معاملہ آنر کلنگ کا بتایا جارہا ہے۔ ہفتہ کو پیش آئے اس واقعہ کے بعد سے ہی علاقہ کو پوری طرح سے بند کردیا گیا ہے۔ مقتول نوجوان کا نام پرنئے کمار بتایا جارہا ہے ۔ اس کی عمر 23 سال تھی ۔ ایک مقامی اسپتال کے باہر پیش آئے اس واقعہ کی مخالفت بھی شروع ہوگئی ہے ، جس کی وجہ سے علاقہ کی دکانوں اور کاروبار کو بند کردیا گیا ہے ۔ اس واقعہ کا ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آیا ہے ، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پرنئے کمار اپنی اہلیہ امرتا کے ساتھ اسپتال سے باہر آرہا تھا ، تبھی ایک شخص نے اس پر پیچھے سے ایک دھاردار ہتھیار سے حملہ کردیا ۔ اس حملہ میں اس کی موت ہوگئی ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے قاتل اس علاقہ کی ریکی کررہا تھا ۔
 بتایا جاتا ہے کہ پرنئے اور امرتا اسکول کے ایام سے ہی ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے ۔ انہوں نے لڑکی کے والدین کی مرضی کے خلاف جاکر دوسری ذات میں شادی کی تھی ۔ اسی وقت سے پرنئے کو جان سے مارنے کی دھمکی مل رہی تھی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امرتا پانچ ماہ کی حاملہ تھی ۔ حملہ کے وقت وہ بے ہوش ہو کر گر پڑی ، جس کے بعد اس کو فورا اسپتال لے جایا گیا ۔ امرتا نے پولیس کو بتایا کہ اس کو شک ہے کہ قتل کے پیچھے اس کے والد کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ کیونکہ اس کا کنبہ اس کی شادی کے خلاف تھا اور اس کا اسقاط حمل کرانا چاہتا تھا۔
پولیس نے امرتا کے والد کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کے خلاف پرنئے کے قتل کیلئے قاتل کو ہائر کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ امرتا کے چچا ٹی شرون کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔