ضلع اتر کینرا میں آج کورونا کے 23 نئے معاملات: بھٹکل کے 11  لوگوں کی رپورٹ آئی پوزیٹیو۔ عوام کو محتاط رہنے کی ضرورت

02:01PM Wed 1 Jul, 2020

بھٹکل: یکم  جولائی 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ضلع اتر کینرا میں آج کورونا کوڈ 19 کے کل 23 نئے معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے گیارہ مریضوں کا تعلق بھٹکل سے ہے جبکہ ان میں سے چھ کا تعلق کمٹہ سے اور پانچ کا تعلق انکولہ سے اور ایک کا تعلق کاروار سے بتایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھٹکل میں آج جن لوگوں کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو موصول ہوئی ہے ان میں مسقط کالونی سے پانچ افراد شامل ہیں جبکہ دیگر کا تعلق مدینہ کالونی، جامعہ آباد روڈ، آزاد نگر، کوٹیشور روڈ، مخدوم کالونی سے۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں سے نو لوگ اس سے قبل آئے کورونا پوزیٹیو مریض کے رابطہ میں تھے جب کہ دو افراد آندھرا سے لوٹے تھے۔ مینگلورو میں بھٹکل کے دو لوگوں کا انتقال: ادھر خبر ملی ہے کہ مینگلور میں بھٹکل کے دو لوگوں کا انتقال ہوا ہے جس میں ایک 30 سالہ نوجوان بھی شامل ہے جس کی ایک ہفتہ قبل ہی شادی ہوئی تھی جبکہ دوسرے 74 سالہ بزرگ ہیں جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ اس نوجوان کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ ان دونوں کی تدفن مینگلورو میں ہی عمل میں آئی ہے۔ اطلاع کے مطابق ان کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو موصول ہوئی ہے۔ اتر کینرا ڈپٹی کمشنر نے دی محتاط رہنے کی ہدایت: ادھر ضلع اور خاص کر بھٹکل میں دن بدن بڑھتے کورونا کے معاملات کو دیکھتے ہوئے اتر کینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے بھٹکل کے عوام کو محتاط رہنے کی تاکید کی ہے۔ انہوں نے عمر رسیدہ افراد اور دس سال سے کم عمر کے بچوں کو باہر نکلنے سے احتراز کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت ہوگی تو اس سلسلہ میں ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام کو بھیڑ اکٹھا کرنے سے بچنے کی گزارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں سے نکلتے وقت ماسک ضرور پہنیں اور سماجی دوری کا خاص خیال رکھیں، اس کے علاوہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے جن باتوں کا حکم دیا گیا ہے ان تمام پر عمل کریں۔ قاضی صاحبان کی طرف سے بھی محتاط رہنے کی ہدایت: اس سلسلہ میں چیف قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین جناب مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی اور نائب قاضی جماعت المسلمین جناب مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی نے بھٹکل میں بڑھتے کورونا کے معاملات کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ مولانا خواجہ معین الدین اکرمی صاحب نے اپنے ایک آڈیو اعلان میں کہا ہے کہ عوام حکومت کی طرف سے دی گئی تمام ہدایات پر عمل کرے اور مساجد وغیرہ میں بھی تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کیے جائیں تاکہ کسی طرح کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مولانا محترم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ سے اس وبا کے خاتمہ کے لیے دعائیں بھی کیا کریں۔