فوربس کی ہندوستانی امیروں کی فہرست میں مکیش امبانی 22.7 ارب ڈالر کے ساتھ سرفہرست

04:09PM Thu 22 Sep, 2016

نئی دہلی۔ ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ (آر آئی ایل) کے چیئرمین مکیش امبانی ہندوستان کے 100 امیروں کی سالانہ فوربس فہر ست میں اول مقام پر ہیں، جن کے املاک کی مالیت 22.7 ارب ڈالر ہے۔ ہندوستانی امیروں کی مجموعی مالیت 381 ارب ڈالر ہے، جو سال 2015 کے 345 ارب ڈالر کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔مکیش امبانی کے بھائی انل امبانی کو اس بار فوربس فہرست کے ٹاپ 10 میں جگہ نہيں ملی ہے۔ آج جاری ہونے والی فوربس فہرست کے مطابق ہندوستان کے امیر ترین فارماسسٹ دلیپ شنگھوی 16.9 ارب ڈالر کی مالیت کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔ ہندوستانی امیروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہندوجہ برادران ہیں ، جن کے املاک کی مالیت 15.2 ارب ڈالر ہے۔ جبکہ عظیم پریم جی اس بار چوتھے مقام پر ہيں، جن کی مالیت 15 ارب ڈالر ہے۔