ایران میں جاری پرتشدد مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہو گئی
03:47PM Tue 2 Jan, 2018
تہران۔ ایران میں گزشتہ چھ روز سے پر تشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ سرکاری میڈیا کی رپورٹوں میں گزشتہ شب پر تشدد جھڑپوں میں 9 لوگوں کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی ہے۔ بی بی سی نیوز کے مطابق تازہ جھڑپیں اصفہان کے وسطی علاقے میں ہوئی ہيں، جن میں مزید 9 لوگوں کی ہلاکتوں سے پرتشدد مظاہروں میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہوگئی ہے۔
ایران کے مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہرے 2009 کے عام انتخابات کے بعد سب سے وسیع پیمانے پر ہونے والی عوامی تحریک ہے، جس کی شروعات گزشتہ جمعرات کو مشہد شہر سے ہوئی تھی۔ یہ احتجاج ابتدا میں ملک میں مہنگائی بڑھنے اور بدعنوانی کے خلاف شروع ہوا تھا، لیکن رفتہ رفتہ اس کا دائرہ وسیع پیمانے پر حکومت مخالف عوامی مظاہرے کی صورت میں بڑھتا گیا اور یہ مظاہرے اب ایران کے متعدد شہروں میں بھی شروع ہوگئے ہیں۔ مظاہرے کے دوران اب تک سینکڑوں لوگوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
دریں اثناء ایرانی صدر حسن روحانی نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والو ں سے سختی سے نمٹنے کی دھمکی دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ مظاہرین کی مدد کررہا ہے۔