کولار بیف مرچنٹس ولفیر اسوسی ایشن کی22ویں سالگرہ
04:16PM Mon 31 Jul, 2017
کولار :( بھٹکلیس نیوز)آج مسجد حضرت بلال ،شہنشاہ نگر کولارکے روبرو’’کولار بیف مرچنٹس ولفیر اسو سی ایشن ‘‘کے نئے دفتر کا افتتاح عمل میں آیا اس موقع پر اس تنظیم کے عہدے داروں نے اردو اخبارات کے نامہ نگاروں کو مدعو کرکے انہیں یہ اطلاع دی کہ اس تنظیم کے قائم ہوئے 22 سال پورے ہوئے اس تنظیم کے بانی اور صدر نے بتایا کہ انہوں نے اس تنظیم کو اہل قریش کی بقا ء و فلاح کی غرض سے قائم کیا ہے نہ کہ اپنی نام وری یا شہرت کے لئے ،اس لئے وہ اپنا یا کسی بھی عہدے دار کے نام کی تشہیر نہیں چاہتے۔اس اجلاس میں ضلع بھر کے ممبران نے شرکت کی اور اس تنظیم کے صدر نے شہر کولار کے اُن تمام محبان قوم و ملت حضرات کی کاوشوں کو سراحا اور اس تنظیم کے ممبران کو مبارک بادی پیش کی ،اس تنظیم کی اصل حقیقت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم شہر کولار میں سن 1995 ء میں قائم ہوئی اور رجسٹرڈ کی گئی ۔جس کا مقصد اہل قریش برادری کی بقاء اور فلاح کے لئے انہیں متحد کرنا اور ان میں تعلیمی، اخلاقی،سماجی و معاشی فروغ کی ترغیب دلاناہے۔جسے اہل قریش نے سمجھا اور جوق در جوق ممبرشپ قبول کر کے اسے مضبوط کیا۔آج ضلع بھرمیں اس کے تقریباً250آکٹیوممبرس ہیں اور روز بروز یہ تعداد بڑتی جارہی ہے۔ اس تنظیم کی جانب سے ہر ماہ باقاعدہ تنظیم کی میٹنگ ہوتی ہے جس میں اہل قریش برادری کو حکومت کی فلاحی اسکیموں کے متعلق معلومات اور ضروری خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔یہ تنظیم برسوں سے ضلع کولار کے اہل قریش میں اتفاق و اتحاد لانے، اُن کی معاشی مشکلات کو حل کرنے ،انہیں بینکوں کے قرضوں کی اسکیموں کے متعلق معلومات دینے ،صحت مند،معیاری اورپُر امن زندگی کے اصولوں سے انہیں روشناس کرنے کا کام کرتی آئی ہے ،اہل قریش کوصحت کے لئے مضر عادتوں مثلاًشراب،تمباکونوشی،پان پراگ،گٹکا وغیرہ بُری عادتوں سے دور رہنے کی ترغیب دے کر اس تنظیم میں صحت مند زندگی کے گُر سکھائے جاتے ہیں اور اُن کی معیار زندگی کو سدھار نے کی کوشش کی جاتی ہے،اس طرح یہ تنظیم اہل قریش جیسی بچھڑی قوم میں جینے کی ہمت وحوصلہ پیدا کرنے اور ان کی تعلیمی ،سماجی و معاشی ترقی لانے اوران کو حکومت کی فلاحی اسکیموں سے فائدہ مند ہونے کی صلاح و مشورے دے کراُن کی زندگی میں ایک اہم رول ادا کررہی ہے۔اس تنظیم کی جانب سے سبھی ممبرس کو شناختی کارڈ بھی تقسیم کئے جاتے ہیں جو کہ ان کے تحفظ اورفروغ میں بہت اہمیت رکھتے ہیں،جن کے پاس یہ شناختی کارڈ ہوں اُن پرکوئی بھی شرپسند عناصرہاتھ ڈالنے سے ڈرے گا اورپولیس بھی اس کے ساتھا رواداری سے پیش آئے گی کہ یہ حکومت سے منظور شدہ،رجسٹرڈ تنظیم کا ممبر ہے۔ اہل قریش ان شناختی کارڈ کے ذریعہ بی سی یم سرٹیفیکٹ پاکر اپنے بچوں کی تعلیم میں حکومت کی فلاحی اسکیموں سے فائدہ پاسکتے ہیں،اسکول فیس میں رعایت کی مانگ کرسکتے ہیں،بینک لون حاصل کرسکتے ہیں،بی پی ایل ریشن کارڈ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں،اسپتالوں میں رعایت پر علاج کی سہولیات کے لئے اسے استعمال کرسکتے ہیں،جن اہل قریش نے ابھی تک ممبر شپ نہیں حاصل کی وہ جلد از جلد ممبرشپ حاصل کرکے اس بیانر کے تلے متحدہو جائیں اوراس سے ملنے والی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔