مودی کابینہ میں21وزراء داغی:عام آدمی پارٹی
04:22PM Fri 12 Jun, 2015
پارٹی کااسمرتی اور رام شنکر کٹھیریا پر مقدمہ کرنے کافیصلہ
نئی دہلی،12؍جون (آئی این ایس انڈیا )
دہلی میں صفائی ملازمین کی ہڑتال، جتیندر تومر کی فرضی ڈگری معاملہ سمیت تمام مسائل پر عام آدمی پارٹی نے مرکز پر نشانہ سادھا ہے۔آپ نے پریس کانفرنس کرکے مودی حکومت کے وزراء پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔آپ کے ترجمان سنجے سنگھ نے جتیندر سنگھ تومر کے معاملے کی پارٹی کے اندرونی لوک پال سے جانچ کرانے کی بات کہی ہے۔آپ نے فرضی ڈگری معاملہ میں مرکزی وزراء اسمرتی ایرانی اور رام شنکر کٹھیریا پر بھی مقدمہ درج کرانے کی بات کہی ہے۔عام آدمی پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ مودی کی کابینہ میں شامل 21وزراء پر سنگین نوعیت کے الزامات ہیں۔پارٹی کے ترجمان سنجے سنگھ نے وزیر اعظم پر چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم زیادہ تر بیرون ملک رہتے ہیں اس لیے انہیں شاید اس کی معلومات نہیں ہے۔لیکن ہم ایسے تمام وزراء کے خلاف ثبوت جمع کر رہے ہیں۔سنجے سنگھ نے کہا کہ ہم وزیر اعظم نریندرمودی سے ملاقات کرکے ایسے وزراء کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کریں گے۔سنجے سنگھ نے کہا کہ وہ ان معاملات پرماہرین قانون کی رائے لے رہے ہیں اور جلد ہی فرضی ڈگری کے معاملہ میں فروغ انسانی وسائل کی وزیر اسمرتی ایرانی اورایک دوسرے مرکزی وزیر رام شنکر کٹھیریا کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا۔سنجے سنگھ نے کہا کہ وہ دہلی پولیس سے بھی ان دونوں لیڈروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کریں گے۔
آپ نے دہلی کی بسوں میں خواتین سیکورٹی گارڈ تعینات نہ کئے جانے کے لیے ایل جی اور مرکزی حکومت کو ذمہ دارٹھہرایاہے۔سنجے سنگھ نے کہا کہ ایل جی اس معاملے میں فائل دبائے بیٹھے ہیں اور منظوری نہیں دے رہے ہیں۔وزیر اعظم مودی پرنشانہ لگاتے ہوئے سنجے سنگھ نے کہا کہ بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ کی بات کرنے والے وزیر اعظم دہلی میں خواتین کے تحفظ کے معاملے پر خاموش کیوں ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہلی والوں کو آپ کو ووٹ دینے کی سزا دی جا رہی ہے۔وزیر اعظم صرف بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں جبکہ زمین پر کچھ دکھائی نہیں دیتا ہے۔سنجے سنگھ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی وزیر اعظم سے ملاقات کرکے خواتین کی سیکورٹی کے مسئلے پر ان سے بات کرے گی۔اس کے بعد بھی اگر کچھ کارروائی نہیں ہوئی تو وزیر اعظم کی رہائش گاہ کاگھیراؤ کیا جائے گا۔جتیندر تومر اور کمار وشواس پر لگائے الزامات کو سیاست سے متاثر بتاتے ہوئے آپ نے وزیر اعظم پرنشانہ سادھا اور کہا کہ وہ اپنی تقریروں میں سیاسی شفافیت کی بات کرتے ہیں لیکن دہلی ان کی سیاسی شفافیت دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی سابق وزیر قانون جتیندر تومر کی فرضی ڈگری معاملہ میں پارٹی کے اندرونی جن لوک پال سے جانچ کرائے گی۔سنجے سنگھ نے بتایا کہ دلیپ پانڈے دہلی کے کنوینر ہیں ان سے تومر سے متعلق تمام کاغذات اورثبوت جمع کرنے کو کہا گیا ہے۔جس کے بعد جلد ہی پارٹی کے اندرونی لوک پال کو اس معاملے کی جانچ سونپ دی جائے گی۔سنجے سنگھ نے صاف کیا کہ اس معاملے میں ہائی کورٹ کا جو بھی فیصلہ آئے گا اسے قبول کیا جائے گا لیکن پارٹی سطح پر بھی معاملے کی چانج کرائی جائے گی۔