تحفظ شریعت کے لئے بھٹکل میں 21/دسمبر کو ہوگا عام اجلاس؛ گوا سے مینگلور تک کے مسلمان ہوں گے شریک

02:35PM Sat 17 Dec, 2016

بھٹکلیس نیوز / 17 دسمبر، 16 بھٹکل / (رضوان گنگاولی) "ہمارے ملک ہندوستان کے دستور میں جس طرح تمام باشندوں کو اپنے اپنے دین دھرم پر عمل کرنے کی آزادی حاصل ہے اسی بنیاد پر ذاتی زندگی میں مختلف پرسنل لاء کو متعلقہ قوم یا طبقے کے لئے قانونی حیثیت حاصل ہے۔ یہی کیفیت مسلم پرسنل لاء کی بھی ہے جو قرآن و سنت کی نبیاد پر قائم مسلمانوں کے عائلی قوانین کا مجموعہ ہے لیکن ادھر کچھ مہینوں سے مسلمانوں کی آزادی کو سلب کرنے کی کوشش کی جارہی اور حکومت   ہمارے پرسنل لاء میں مداخلت کر رہی ہے جس کے خلاف آواز اٹھانا ہماراجمہوری حق ہے"۔ ان خیالات کا اظہار جناب ڈاکٹر محمد حنیف شباب صاحب نے کیا وہ آج یہاں مجلس اصلاح و تنظیم میں منعقد اخباری کانفرنس میں اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے آگے کہا کہ اسی حق  کے پیش نظر  مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی طرف سے گوا  سے مینگلورو تک کے علاقہ کے لوگوں کو جمع کرتے ہوئے ایک عام اجلاس 21/دسمبر،2016 بروز بدھ بعد نماز عشاء بمقام جامعہ اسلامیہ بھٹکل  منعقد ہورہا ہے۔ tanzeem-press-meet-01 اس موقع پر کنوینر مسلم پرسنل لاء بورڈ تعاون کمیٹی جناب مولانا عبدالعلیم قاسمی صاحب نے کہا کہ پرسنل لاء کی بنیاد اسلامی شریعت پر ہے اس لئے مسلمان کسی بھی قیمت پر اس سے دست بردار نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے اس کو تفصیلی طور پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری شادی بیاہ،طلاق،وراثت وغیرہ جیسے قوانین ہماری اپنی قوم کے لئے ہیں اور اس میں مداخلت کرنا یا کسی اور کی مرضی اور منشاء کے مطابق اس میں ترمیم و تنسیخ کرنا نہ کبھی ممکن ہے اور نہ ہمیں منطور ہے۔انہوں نے اس اجلاس کا مقصد بتاتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے دین کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی جو دستور ہند میں دی گئی ہے اس کو سلب کرنے کی کوشش نہ کی جائے اور کسی بھی دوسری طاقت کی مداخلت سے ہماری شریعت کا تحفظ کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق یہ پروگرام صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ جناب مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی دامت برکاتہ کی زیر سرپرستی منعقد ہوگا۔ جس میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد ولی رحمانی صاحب، حضرت مولانا سید محمد واضح رشید ندوی صاحب، حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمٰن اعظمی صاحب، حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندوی، حضرت مولانا توقیر رضا خان صاحب، حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، جناب کاکا سعید صاحب، جناب سعادت اللہ صاحب حسینی، حضرت مولانا خالد صاحب ندوی غازی پوری، حضرت مولانا بلال عبدالحئی صاحب حسنی ندوی، جناب مولانا تنویر ہاشمی صاحب بیجاپور صاحب اس پروگرام میں شرکت کرنے کی امید ہے۔ tanzeem-press-meet-02 اس موقع پر جنرل سکریٹری مجلس اصلاح و تنظیم جناب الطاف کھروری صاحب نے عوام الناس سے کثیر تعداد میں شریک ہوکر اس پروگرام کو کامیاب بنانے کی درخواست کی ہے۔