ممبئی میں 21/ویں کل ہند مسابقۃ القرآن الکریم کا آغاز: یوپی ،بہار ،بنگال ،آسام اورمہاراشٹر کے طلبہ کی شرکت
01:54PM Sun 11 Mar, 2018
بھٹکلیس نیوز ؍ 11 مارچ، 18
ممبئی (ایجنسی) ادارہ دعوت السنہ ویلفیئر ٹرسٹ مہاراشٹر کے زیر اہتمام ۲۱ویں کل ہند مسابقۃ القرآن الکریم کا آغاز صابو صدیق مسافر خانے کے کانفرنس ہال میں ہوا ۔ اس میں ملک بھر سے تقریبا 80؍ طلبا شریک ہوچکے ہیں جس میں بہار ،بنگال آسام یوپی مہاراشٹرا حیدرآباد وغیرہ کے طلبہ شامل ہیں۔ ادارہ کے صدر مولانا محمد شاہد ناصری نے نمائندہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ اس بار مسابقہ میں شرکت کرنے والے طلبہ کی تعداد گزشتہ سالوں کے مقابلے میں زیادہ ہے اور ایک خاص بات یہ ہے کہ صرف کم عمر طلبہ ہی نے شرکت کی اس میں متعدد طلبہ کی عمریں دس اور بارہ سال کے درمیان ہے جنہیں نے حفظ قرآن کی فضیلت ایک سے دو سال کی مدت میں حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کا عمومی اجلاس کل بعد نماز مغرب انجمن اسلام سی ایس ٹی میں منعقد ہوگا جس میں مصر جمہوریہ کے قونصل جنرل سید تبارک حسین نائب قونصل جنرل استاذ عبداللہ صالح اور شہر کی متعدد علمی شخصیتوں کے علاوہ دانشوروں کی شرکت متوقع ہے ۔ آج کے مسابقہ میں حکم کے فرائض معہد الولی الاسلامی ہرسنگھ پور دربھنگہ کے استاذ ادب و فقہ مولانا و مفتی شافع عارفی اور مفتی حذیفہ قاسمی دارالعلوم دیوبند اور مولانا سیف الباری نے انجام دیا جبکہ ممتحن مولانا ذیشان اسلام ندوی تھے اورنظامت مولانا محمد نافع عارفی گروپ ایڈیٹر بصیرت میڈیا گروپ نے انجام دی۔ اس موقع پر بصیرت میڈیا گروپ کے چیئر.مین مولانا غفران ساجد قاسمی، آمنا سامنا کے چیف ایڈیٹر راشد عظیم حیدرآباد سے آئے ہوئے مہمان عبدالعزیز بھائی موجود تھے ۔ ـ پہلی نشست کی صدارت دارالعلوم وقف دیوبند کے رکن شوری مولانا محمد اقبال چونا والا نے کی جبکہ دوسری نشست کی صدارت مولانا حشمت اللہ قاسمی نے کی ۔