کرناٹک میں21لاکھ بچے آنگن واڑیوں سے باہر ، ہر ماہ9ہزار بچے لاپتہ
12:40PM Sat 2 Aug, 2014
بھٹکلیس نیوز/2اگست ،14
مظالم کا شکار خواتین کو فوری 10ہزار کی امداد دینے کی ہدایت،گلبرگہ میں جائزہ اجلاس سے اوما شری کا خطاب
گلبرگہ/ وزیر بہبودئ اطفال و خواتین اوما شری نے آنگن واڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور آنگن واڑیوں کے ذریعہ کمزور و حاملہ خواتین کو انڈوں اور اجناس کی سربراہی باقاعدہ بنانے کی عہدیداران کو سخت تاکید کی ہے ۔ اُنہوں نے آج دفتر ڈپٹی کمشنر گلبرگہ کے آڈیٹوریم میں گلبرگہ ڈیویژنل سطح کے عہدیداران کے اجلاس میں محکمہ بہبودئ اطفال و خواتین کی کارکردگی کا جائزہ لے رہی تھیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بیدر ، گلبرگہ، کپل اضلاع میں آنگن واڑی ٹیچرس کے بینک کھاتوں میں رقم جمع کرانے کے باوجود آنگن واڑیوں میں کمزور بچوں کو انڈے سربراہ نہ کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ اوما شری نے بیدر ضلع میں آنگن واڑیوں میں بچوں کو انڈوں کی تقسیم نہ کرنے کی اندرون ایک ہفتہ تحقیقات کر کے اُنہیں رپورٹ دینے کی ہدایت دی ہے ۔ اُنہوں نے عہدیدران کو تاکید کی کہ وہ غیر متوقع معائنے کر کہ آنگن واڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور اس بات کا پتہ لگائیں کہ کمزور بچوں اور حاملہ خواتین کو انڈوں اور دیگر اجناس کی سربراہی باقاعدہ ہو رہی ہے یا نہیں ، وزیر بہبودئ اطفال وخواتین اوما شری نے مزید کہا کہ آنگن واڑیوں کو ناقص اجناس کی سربراہی کئے جانے کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ اُنہوں نے عہدیداران کو پابند کیا کہ آنگن واڑیوں کے معائنہ کے دوران اگر اجناس کو ناقص پائیں تو ذمہ دار عہدیداران کے خلا ف سخت کارروائی کریں اور اُنہیں فوری معطل کریں ۔ وزیر بہبودئ اطفال و خواتین اوما شری نے ایسی آنگن واڑیوں کو جہاں ایک یا دو بچے ہیں دوسری آنگن واڑیوں میں ضم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی سطح پر آنگن واڑیوں سے باہر رہنے والے بچوں کی تعداد 21سے تجاوز کر گئی ہے ۔ اُنہوں نے آنگن واڑیوں میں بچوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت دی ۔ وزیر بہبودئ اطفال و خواتین اوما شری نے بیدر ضلع سے بچوں کے لاپتہ ہونے کے بارے میں اجلاس میں پیش کئے گئے متعلقہ عہدیدارا ن کے اعداد و شمار کو غلط بتاتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ نہایت سنگین ہے کہ ریاست میں ہر ماہ9ہزار بچوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ اُنہوں نے اس سلسلہ میں مؤثر اقدامات کرنے اور بچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات پر قابو پانے کی سخت ہدایت دی۔ اُنہوں نے خواتین پر ہونے والے مظالم پر قابو پانے کے لئے سخت تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جنسی اور جسمانی تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کو فوری 10ہزار روپیوں کی امداد مہیا کی جائے۔ مظلوم خواتین کی جانب سے شکایت درج کروانے میں پس و پیش کام لینے کی صورت میں عہدیداران خود آگے بڑھیں ، خاطیوں کے خلاف شکایات درج کرائیں اور فوری قانونی چارہ جوئی کریں ۔ اوما شری نے آنگن واڑیوں کے ذریعہ دئیے جانے والے بھاگیہ لکشمی بانڈس کی اجرائی کو آسان بنانے اور رجسٹریشن میں تاخیر نہ کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر بہبودئ اطفال و خواتین اوما شری نے اجلاس میں ایک مرحلہ پر معذورین اور بزرگ شہریوں کو سہولیات و مراعات کی فراہمی میں کسی قسم کی دلچسپی نہ لینے والے عہدیدران کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معذورین اور بزرگ شہریوں کے ساتھ اچھا سلوک کریں اور انسانی ہمدری کے جذبہ سے اُنہیں مکمل تعاون دیں ۔ محکمہ بہبودئ اطفال و خواتین بزرگ شہریوں و معذورین کی پرنسپال سیکریٹری ڈاکٹر امیتا پرساد ڈائریکٹر ، این ٹی ابرو، سیکریٹری ویمنس کمیشن یو بسواج نے بھی اجلاس کو مخاطب کیا۔ اجلاس میں گلبرگہ ، بیدر، یادگیر، رائچور ، کپل اور بیلاری کے محکمہ بہبودئ اطفال و خواتین کے عہدیداران نے شرکت کی ۔