گودھرا ٹرین سانحہ: ایس آئی ٹی عدالت نے 2 ملزمان کو مجرم قرار دیا، تین کو بری

03:21PM Mon 27 Aug, 2018

احمد آباد کے خصوصی ایس آئی ٹی کورٹ نے 2002 میں گجرات کے گودھرا میں سابرمتی ایکسپریس کو جلانے کے معاملے میں ایک بڑا فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں دو ملزمان کو مجرم ٹھہرایا ہے جبکہ دیگر 3 لوگوں کو بری کرنے کا فیصلہ دیا ہے۔ دو قیدیوں کی سزا کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ بتا دیں کہ ایس آئی ٹی کی خصوصی عدالت نے 1 مارچ، 2011 کو اس معاملہ میں 31 لوگوں کو مجرم قرار دیا تھا جبکہ 63 دیگر افراد کو بری کر دیا تھا۔ ان میں سے 11 مجرموں کو موت کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ 20 کو عمر قید کی سزا ہوئی تھی۔ بعد میں گجرات ہائی کورٹ میں کئی اپیل دائر کر سزا کو چیلنج کیا گیا جبکہ ریاستی حکومت نے 63 افراد کو بری کئے جانے کو چیلنج کیا۔
 غورطلب ہے کہ گودھرا سانحہ 27 فروری 2002 کو پیش آیا تھا۔ ٹرین کی ایک بوگی کو شرپسندوں نے آگ لگا دی تھی جس میں 59 افراد جل کر ہلاک گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد گجرات میں بڑے پیمانے پر فساد ہوا تھا جس میں 1000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس پورے معاملہ کو 2008 میں ایس آئی ٹی کے حوالہ کر دیا گیا تھا۔