کرناٹک میں 2کروڑ لوگ تمباکو نوشی کی لت میں مبتلاء

01:21PM Sun 31 May, 2015

بھٹکلیس نیوز / 31 مئ، 15 گلبرگہ30؍مئی(ایجنسی): آج عالمی سطح پر منائے جارہے یوم مخالف تمباکو نوشی کے موقع پر ایک سروے سامنے آیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کرناٹک میں 2کروڑ سے زائد افراد تمباکو نوشی کی لت میں مبتلاء ہیں ان میں99فیصد افراد منھ کے کینسر کا شکار ہوتے ہیں ۔ بنگلور کے صرف ایک قدائی میموریل کینسر ہسپتال میں سالانہ منھ کے کینسر کے مرض میں مبتلا 6سے10ہزار افراد کا علاج کیا جاتا ہے ۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق275ملین لوگ تمباکو کا استعمال کر رہے ہیں ، روزانہ2500سے زائد افراد کی تمباکو نوشی سے پیدا ہونے والے کینسر سے موت ہو رہی ہے ۔ کرناٹک میں کھلے مقام پر تمباکو نوشی کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے ، کرناٹک میں اسکول ، کالجس سے نزد تمباکو بیڑی سگریٹ کی دکانیں چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ کینسر مرض کے ماہر معالج ڈاکٹر وشال راؤ کے بموجب تمباکو بیڑی سگریٹ گٹھکوں کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کئے بغیر کینسر پر قابو پایا نہیں جاسکتا، اُن کے بموجب عالمی سطح پر ہر سال 10لاکھ افراد تمباکو نوشی سے کینسر میں مبتلا ہوکر ہلاک ہورہے ہیں ۔