چدمبرم کی سی بی آئی کی تحویل میں 2 ستمبر تک توسیع
03:38PM Fri 30 Aug, 2019
نئی دہلی: سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت سے کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کو جمعہ کے روز بھی کوئی راحت نہیں ملی اور خصوصی عدالت نے آئی این ایکس میڈیا معاملے میں ان کی سی بی آئی تحویل کی مدت 2 ستمبر تک کے توسیع کردی۔
چدمبرم کی حراست کی مدت پوری ہونے پر انہیں آج راؤز ایونیو کی ایک عدالت میں خصوصی جج اجے کمار کوہار کے سامنے پیش کیا گیا۔ جج کوہار نے دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد سابق مرکزی وزیر کی سی بی آئی تحویل میں 2 ستمبر تک توسیع کا حکم دیا۔ اس موقع پر چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم بھی عدالت میں موجود تھے۔
دہلی ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد چدمبرم کو 21 اگست کی شب سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔ انہیں 22 اگست کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے سابق مرکزی وزیر کو 26 اگست تک سی بی آئی کی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ چدمبرم کی حراست کی مدت پوری ہونے کے بعد 26 اگست کو ایک بار پھر عدالت میں پیش کیا گیا۔ سی بی آئی نے عدالت سے چدمبرم سے پوچھ گچھ کے لئے مزید پانچ دن کی درخواست کی تھی۔ عدالت نے حراست میں آج تک توسیع کردی تھی۔
چدمبرم کو آج پیش کرنے کے بعد ، سی بی آئی نے پوچھ گچھ کے لئے پانچ دن کی مزید حراست کی درخواست کی۔ تفتیشی ایجنسی نے دلیل دی کہ چدمبرم پوچھ گچھ میں تعاون نہیں کررہے ہیں اور سوالوں کا براہ راست جواب نہیں دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اس معاملے میں دوسرے ملزموں کے سامنے بھی ان سے پوچھ گچھ کرنی ہے۔
سپریم کورٹ کی جسٹس آر بھانومتی اور جسٹس اے ایس بوپنا کی بینچ نے کہا تھا کہ بدعنوانی کے معاملے میں سی بی آئی کی تحویل میں بھیجنے کے نچلی عدالت کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت وہ 2 ستمبر کو کرے گی۔ اس کے بعد خود سابق مرکزی وزیر کے وکیلوں نےخود کہا کہ وہ چدمبرم کو 2 ستمبر تک سی بی آئی کی تحویل میں رہنے کی پیش کش کررہے ہیں۔ دونوں فریق کے دلائل سننے کے بعد جج کوہار نے چدمبرم کی سی بی آئی تحویل میں دو ستمبرتک توسیع کردی۔
یہ معاملہ چدمبرم کے متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کے دوران وزیر خزانہ کی حیثیت سے 2007 میں آئی این ایکس میڈیا گروپ کو غیر ملکی انویسٹمنٹ پروموشن بورڈ (ایف آئی پی بی) کی منظوری حاصل کرنے میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق ہے۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں 15 مئی 2017 کو ایف آئی آر درج کی تھی۔ ای ڈی نے 2017 میں منی لانڈرنگ کا معاملہ بھی درج کیا تھا۔