ہندوستانی ہائی کمیشن کے 2 اور حکام نے پاکستان چھوڑا
04:40PM Fri 11 Nov, 2016
(اسلام آباد (ایف او یس
ہندوستانی ہائی کمیشن کے دو اور افسران آج پاکستان چھوڑ کر ہندوستان کے لیے روانہ ہو گئے، یہ ان 8 افسران میں سے ہیں جن پر پاکستان نے ہندوستان کی خفیہ ایجنسیوں کا رکن ہونے کا الزام لگایا تھا۔ذرائع نے بتایاکہ بلبیر سنگھ اور جیابالن سینتھل دبئی جانے والے عرب امارات کی فلائٹ ای کے 615سے روانہ ہوئے ہیں۔پاکستان نے دونوں افسران کو ہندوستانی خفیہ ایجنسیوں کا انڈر کور ایجنٹ بتایا تھا۔دونوں افسران کے روانہ ہونے کے ساتھ ہی پاکستان چھوڑ کر جانے والے ہندوستانی ہائی کمیشن کے حکام کی تعداد 5 تک پہنچ گئی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے گزشتہ ہفتے الزام لگایا تھا کہ متعدد ہندوستانی سفارت کار اور ملازمین سفارتی کام کاج کی آڑ میں پاکستان میں دہشت گردانہ اورتباہ کن سرگرمیوں میں شامل ہیں۔گزشتہ ماہ، ہندوستان کی پولیس نے آئی ایس آئی کے جاسوسی گھیرے کا انکشاف کرتے ہوئے پاکستان کے ہائی کمیشن کے اہلکار محمود اختر کے خلاف کارروائی کی تھی جس کے بعد پاکستان نے ہندوستانی ہائی کمیشن کے اہلکار سرجیت سنگھ کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا تھا۔جاسوسی معاملے کے بعد 2 ؍نومبر کو پاکستان نے اپنے 6 افسران کو واپس بلا لیا تھا۔