کرناٹک حکومت نے دی عوام کو تھوڑی راحت پٹرول اورڈیزل 2 روپئے سستا ہوا

03:06PM Tue 18 Sep, 2018

کلبر گی :18ستمبر (یو این آئی ) پٹرول اور ڈیزل کی آسمان چھو رہی قیمتوں سے راحت دینے کے لئے کرناٹک سرکار نے پیر کے روز دونوں ایندھنوں کی قیمت میں کمی کااعلان کیا ،سرکار کے اس قدم سے ریاست میں پٹرول اورڈیزل دو روپے سستاہوگا ۔ حید رآباد کرناٹک کرانتی دوس کے موقع پر جھنڈا لہرانے کے بعدایک اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کٹوتی کرنے کاا علان کیا ۔انہوں نے کہا کہ سرکار کے اس قدم سے دونوں پٹرول ،ڈیزل کی قیمت میں دوروپے فی لیٹر کمی ہو جائے گی ،کم ہوئی قیمتیں پیر کی آدھی رات سے لاگو ہو ں گی۔ کمار سوامی نے کہا کہ ریاستی سرکار نے اپنی طرف سے یہ قدم اُٹھا کر لو گوں کو راحت دی ہے ، انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے سے عوام بہت پریشان ہے اور مرکزی سرکار کو بھی عوام کو راحت دینے کے لئے قدم اُٹھا نے چاہئیں ۔وزیراعلیٰ نے مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی سرکار پر حملہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دینا میں کچے تیل کی قیمتیں کم ہو رہی تھیں اسی دوران سرکار نے نو مرتبہ ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا ہے ۔آندھرا پردیش ،مغربی بنگال ، مدھیہ پردیش اور راجستھان کے بعد کرناٹک چوتھی ریاست ہے جس نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو کم کیا ہے ۔سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمے پر مالا چڑھا نے کے بعد اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہا کہ ترقی پسند اتحاد کی سرکار نے دفعہ376میں ترمیم کر کے اس علاقے کے لوگو ں کے ساتھ انصا ف کیا اور خصوصی درجہ دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سرکار اس پچھڑے علاقے کی ترقی کے لئے کام کرنے میں سرگرمِ عمل ہے ۔