امیدواروں کیلئے بینکوں سے روپے نکالنے کی حد 2 لاکھ روپے کی جائے: الیکشن کمیشن

02:14PM Fri 27 Jan, 2017

نئی دہلی ۔(بھٹکلیس نیوز) پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے مدنظر الیکشن کمیشن نے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) سے درخواست کی ہے کہ نوٹ بندی کی وجہ سے امیدواروں کے لئے بینکوں سے روپے نکلانے کی حد ہر ہفتے 24 ہزار سے بڑھا کر دو لاکھ روپے کی جائے۔ کمیشن نے کل ریزرو بینک کے گورنر کو لکھے خط میں کہا ہے کہ اتر پردیش، پنجاب، اتراکھنڈ، منی پور اور گوا میں ہو رہے انتخابات کے پیش نظر امیدواروں کو ہر ہفتے بینک سے دو لاکھ روپے نکالنے کی اجازت دی جائے کیونکہ انہیں انتخابات لڑنا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابات لڑنے والے ہر امیدوار کو الیکشن لڑنے کے لئے بینک میں اکاؤنٹ کھولنا پڑتا ہے اور پنجاب، اتراکھنڈ اور اترپردیش میں اسمبلی انتخابات میں ہر امیدوار کے لئے زیادہ سے زیادہ اخراجات کی حد 28 لاکھ روپے ہے اور منی پور اور گوا میں یہ 20 لاکھ روپے ہے۔ اس لئے 11 مارچ کو انتخابات کے نتائج آنے تک انہیں فی ہفتہ دو لاکھ روپے نکالنے کی اجازت دی جائے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابات مکمل ہونے میں ابھی تین ۔ چار ہفتے کا وقت باقی ہے اور نوٹ بند? کی وجہ بینکوں سے روپے نکالنے کی زیادہ سے زیادہ حد فی ہفتہ 24 ہزار روپے کی گئی ہے جس سے کوئی امیدوار ایک ماہ کے اندر اندر زیادہ سے زیادہ 96000 روپے ہی نکال پائے گا۔ امیدواروں کے لئے یہ حد بڑھائی جائے کیونکہ انتخابات کے دوران امیدواروں کو چیک سے ادائیگی کرنے کے علاوہ چھوٹے موٹے اخراجات کے لئے نقد رقم کی ضرورت پڑتی ہے۔