پیرس میں پولیس کا سرچ آپریشن،خاتون سمیت 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک ؛7 گرفتار

04:27PM Wed 18 Nov, 2015

پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران پیرس حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ عبدالحامد اباعود کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں جب کہ اس دوران خاتون سمیت 2 مبینہ دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فرانسیسی پولیس نے شمالی پیرس کے علاقے سینٹ ڈینس میں سرچ آپریشن کیا جہاں جمعے کو ہونے والے حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ عبدالحامد اباعود کی موجودگی کی اطلاعات تھیں، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے پولیس پر فائرنگ شروع ہوگئی جب کہ متعدد بم دھماکے بھی ہوئے،پولیس کی جوابی فائرنگ میں 2 حملہ آور ہلاک جب کہ ایک خاتون نے اپنے آپ کو بارودی مواد سے اڑا لیا ،اطلاعات کے مطابق آپریشن میں پیرس حملوں کا مبینہ ماسڑ مائنڈ عبدالحامد اباعود بھی مارا گیا تاہم حکام کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن میں 7 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے اور ان کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی لیا جارہا ہے۔آپریشن میں دہشت گردوں کی مزاحمت پر متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیئے اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق آپریشن میں فوجی دستوں نے بھی حصہ لیا اور اس دوران اطراف کے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کردی گئی ۔دوسری جانب ان حملوں میں ملوث آٹھ مشتبہ ملزمان میں سے ایک صالح عبدالسلام کی تلاش کے لیے بھی آپریشن جاری ہے۔