نکسلی حملے میں 2 نوجوان شہید، 2 زخمی
02:17PM Fri 3 Mar, 2017
رائے پور،(بھٹکلیس نیوز)چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ بیجا پور ضلع میں نکسلیوں کے حملے میں چھتیس گڑھ مسلح فورس کے جوان سمیت دو جوان شہید ہو گئے ہیں، وہیں دو دیگر جوان زخمی ہیں ۔ریاست کے سینئر پولیس حکام نے آج یہاں میڈیا کو بتایا کہ بیجا پور ضلع کے مرتر تھانہ علاقے کے تحت چیرلی گاؤں کے جنگل میں نکسلیوں نے پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا ہے، اس حملے میں چھتیس گڑھ مسلح فورس کے10ویں بٹالین کا جوان ہیمنت کمار اور ضلع پولیس کا اسسٹنٹ کانسٹیبل دبا رام شہید ہو گئے ہیں، وہیں سی اے ایف10ویں بٹالین کے جوان سہدیو رجواڑے اور اسسٹنٹ کانسٹیبل مڈارام حملے میں زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ مرتر تھانہ علاقے میں بن رہے مرتر -گنگالورسڑک کی حفاظت کے لیے پولیس ٹیم کو روانہ کیا گیا تھا، ٹیم جب چیرلی گاؤں کے جنگل میں پہنچی ،تب نکسلیوں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی۔اس واقعہ میں دو نوجوان شہید ہو گئے جبکہ دودیگرزخمی ہوگئے۔نکسلی فائرنگ کے بعد پولیس ٹیم نے بھی جوابی کارروائی کی۔حکام نے بتایا کہ نکسلی حملے کی معلومات ملنے کے بعدعلاقے کے لیے اضافی پولیس ٹیم روانہ کی گئی ہے اور شہید جوانوں کی لاشوں اور زخمی جوانوں کو باہر نکالنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔