دہلی سلسلہ وار دھماکہ معاملہ میں 2ملزم بری، ایک کی سزا پوری،12سال بعدآیافیصلہ
03:12PM Fri 17 Feb, 2017
نئی دہلی،(بھٹکلی نیوز)
اکتوبر 2005میں ہوئے دہلی سلسلہ وار بم دھماکہ معاملے میں ملزم محمد رفیق شاہ اور محمد حسین فاضلی کوعدالت نے سبھی الزامات سے بری کر دیا ہے ۔وہیں عدالت نے تیسرے ملزم احمد ڈار کو 10سال کی سزا سنائی، حالانکہ ڈار پہلے ہی 11سال کی سزا کاٹ چکا ہے ،اس لیے عدالت نے اس کی سزا کو پورا مان لیا ہے۔واضح رہے کہ اس دھماکے معاملہ میں طارق احمد ڈار، محمد حسین فاضلی اور محمد رفیق شاہ کے خلاف مقدمہ چل رہا تھا۔عدالت نے 2008میں معاملے کے ملزم ڈار اور دیگر 2کے خلاف ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے، سازش رچنے، ہتھیار جمع کرنے، قتل اور قتل کی کوشش کرنے کے الزام طے کئے تھے۔ان دھماکوں میں 60سے زیادہ لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ایڈشنل سیشن جج رتیش سنگھ گزشتہ پیر کو ہی فیصلہ سنانے والے تھے، لیکن بعد میں انہوں نے اس کے لیے جمعرات کا دن مقرر کیا۔غور طلب ہے کہ دہلی پولیس نے ڈار کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی، چارج شیٹ میں اس کی کال تفصیلات کا ذکر کیا گیا تھا، جس سے مبینہ طور پر یہ ثابت ہوا تھا کہ وہ لشکر طیبہ کے اپنے آقاؤں کے رابطہ میں تھا۔پولیس نے تین جگہوں، سروجنی نگر، کالکاجی اور پہاڑ گنج میں ہوئے دھماکوں کے سلسلے میں 3 الگ الگ ایف آئی آر درج کی تھی ۔