کرناٹک کے عازمینِ حج کی قرعہ اندازی 2؍اپریل بروز جمعرات 11بجے دن وکا سودھا بنگلور میں ہوگی
04:32AM Tue 24 Mar, 2015
بھٹکلیس نیوز/ 23مارچ،15
بیدر(نامہ نگار) کرناٹک کے عازمینِ حج کی قرعہ اندازی 2؍اپریل بروز جمعرات 11بجے دن وکا سودھا بنگلور میں مقرر ہے۔ کرناٹک میں اسمبلی سیشن کے چلتے اور درخواستوں کی تنقیح مکمل نہ ہونے سے قرعہ کی تاریخ کو مؤقر کیا گیا ہے ۔ضلع بیدر سے کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کو موصول ہونے والی جملہ 536درخواستوں میں 42 درخواستوں کو محفوظ زمرے میں منتخب کرلیا گیا ہے‘اور اُن کے پاسپورٹ بھی طلب کرلئے گئے ہیں ۔ماباقی 494درخواست گزاروں میں سے 217(سالِ گزشتہ کے اعتبارسے) عازمین کے انتخاب قرعہ کے ذریعے ہوگا۔ اگر حکومتِ سعودی عربیہ کی جانب سے ہندوستان کے کوٹہ میں اِضافہ کیا جاتا ہے یا پھر گزشتہ دو سالوں سے سابق کوٹہ میں ہورہی 20فیصد کٹوتی کو بحال کردیا جاتا ہے تو اِ س کے اعتبار سے ضلع بیدر کو272کا کوٹہ ملے گا۔بہرحال 2؍اپریل کو ہی معلوم ہوگا کے ضلع بیدر اور کرناٹک کے کون کونسے خوش نصیبوں کو امسال حج کی سعادت نصیب ہوگی۔ جناب سید منصور احمد قادری نے بتایا کہ ضلع بیدر کے درخواست گزاروں میں سے تاحال اگر کسی کا کور نمبر نہیں آیا تو وہ فورا دفتر انجمن خادم الحجاج سے ربط قائم کریں ۔قرعہ کا نتیجہ اُسی دن شام تک بذریعہ موبائیل ایس ایم ایس ہر ایک کو معلوم کردیا جائے گا۔یا پھر دوسرے دن دفترِ انجمن پر بھی معلوم کیا جاسکتا ہے ۔جن خوش نصیبوں کا قرعہ کے ذریعے انتخاب ہوگا اُنھیں ایک مہینے کے اندر اوریجنل پاسپورٹ اور پہلی قسط کی رقم مبلغ 81ہزار روپیے فی کس بذریعہ چالان اداکرنا ہوگا ۔دوسری قسط کی رقم کا تعین حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے تاحال نہیں کیا گیا ہے ۔ مزید جانکاری کیلئے دفترِ انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر موقوعہ متصل جامع مسجد نزد چوبارہ بیدر پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے ۔
ع،ح،خ