ائیر اسپیس اور سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کے بعد پاکستان نے پھر اٹھایا بڑا قدم

04:45PM Fri 9 Aug, 2019

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے اور ریاست کی تشکیل نو کے بعد بوکھلائے پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ سبھی طرح کے ثقافتی رشتوں کو بھی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سے پہلے سمجھوتہ ایکسپریس اور ائیر اسپیس بند کیے جانے کا فیصلہ حکومت پاکستان کے ذریعہ کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی پاکستان نے دو فریقی تجارتی امور کو بھی ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ سبھی ثقافتی رشتوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں تفریح سے متعلق دونوں ممالک کی صنعتیں شامل ہیں۔ ڈان کی رپورٹ کے مطابق وزارت برائے نشریات نے جمعرات کو ایک قومی نعرہ لانچ کیا گیا جو اس طرح ہے... ’بھارت کو نہ‘۔
اس سے قبل جمعرات کو پاکستان کی جانب سے سمجھوتہ ایکسپریس رَد کر دیا گیا تھا اور ٹرین کو اٹاری ریلوے اسٹیشن پر چھوڑ کر پاکستانی ڈرائیور اور گائیڈ اپنے وطن واپس لوٹ گئے تھے۔ اس کے بعد ہندوستان کی طرف سے گئے انجن اور ڈرائیور ٹرین کو اٹاری ریلوے اسٹیشن سے لے کر روانہ ہوئے تھے جو آج صبح اپنی منزل تک پہنچ گئے۔
 غور طلب ہے کہ پاکستان لگاتار ہندوستان پر دباؤ بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور عجیب و غریب قدم اٹھا رہا ہے۔ بدھ کو ہندوستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو ڈاؤن گریڈ کرنے کا بھی اس نے اعلان کیا تھا۔ مودی حکومت کے ذریعہ جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والی دفعہ 370 کو رَد کرنے کے قدم کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان نے کہا تھا کہ یہ ہندوستانی ہائی کمشنر کو نکالے گا اور نئی دہلی کے ساتھ دو فریقی تجارت کو معطل کرے گا۔ یہ فیصلہ قومی سیکورٹی کمیٹی (این ایس سی) کی میٹنگ میں لیا گیا، جس کی صدارت وزیر اعظم عمران خان نے کی۔