آئی فون سیون پلس اپنی بے انتہا خوبیوں کے ساتھ آنے کو تیار

04:01PM Sat 14 May, 2016

امریکا: آئی فون سیون پلس ڈیزائن سائز کے لحاظ سے ایپل کا سب سے پتلا فون ہو گا اور اس میں پیچھے کی جانب دو کیمرا لینس نصب ہوں گے جب کہ پہلی دفعہ اس میں 3 جی بی ریم لگائی جائے گی۔ آئی فون کا اگلا ماڈل آئی فون سیون کیسا ہو گا اور اس میں کیا کیا فیچرز موجود ہوں گے اس حوالے سے آئے دن نئی افواہیں سامنے آرہی ہیں۔ اکثر نئے آنے والے فونز کے فیچرز کی پہلے ہی اطلاع سامنے آجاتی ہے تاکہ صارفین کی توجہ حاصل رہے۔ اب کی بار ایپل کمپنی اپنے پلس ماڈلز میں چند حیرت انگیز اور تاریخ ساز تبدیلیاں کرنے جا رہی ہے۔ متوقع طور پر رواں سال ستمبر میں ایپل کمپنی کی جانب سے آئی فون سیون کے ساتھ اس کا پلس ماڈل بھی جاری کیا جائے گا۔ آئی فون سیون پلس کے حوالے سے سب سے اہم خبر یہ ہے کہ اس کے پیچھے ساتھ ساتھ دو کیمرے موجود ہوں گے جو کہ بیک وقت کام کرتے ہوئے انتہائی اعلیٰ معیار کی تصویریں اور وڈیوز بنا سکیں گے۔ فون کی کارکردگی کو بہترین بنانے کے لیے اس میں 3 جی ریم استعمال کی جائے گی۔ آئی فون پر موجود ہوم بٹن بھی اس ماڈل میں ختم ہو سکتا ہے جس کی جگہ ٹچ کا حامل بٹن شامل کیا جائے گا۔ اس طرح ہوم بٹن کے خاتمے کے بعد یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آئی فون سیون پلس سامنے کی جانب سے مکمل ٹچ اسکرین کا حامل ہو گا۔ خوبصورت پتلے ڈیزائن کو برقرار رکھنے کے لیے اس میں عام ہیڈ فون کا جیک بھی ختم کیا جا رہا اس کا مطلب ہے کہ صارفین کو گانے سننے کے لیے بلوٹوتھ یا لائٹنگ پورٹ ہیڈ فون استعمال کرنا ہو گا۔ آئی فون سیون پلس میں وائرلیس چارجنگ کی خوبی بھی موجود ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ واٹر اینڈ ڈسٹ پروف بھی ہو گا۔ ان تمام فیچرز کی بدولت آئی فون شائقین اس نئے ماڈل کے لیے انتہائی پرجوش ہیں۔