سہارنپور تشدد پر یوگی حکومت ایکشن میں ، افسران کی سرزنش ، ایس ایس پی اور ڈی ایم ہٹائے گئے

01:55PM Wed 24 May, 2017

سہارنپور : اتر پردیش کی حکومت نے سہارنپور تشدد پر سخت رخ اختیار کیا ہے۔ وزیر اعلی یوگی نے بدھ کو ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ریاست کے اعلی افسران کی سرزنش کی ۔ ساتھ ہی ساتھ حکومت نے سہارنپور کے ایس ایس پی سبھاش چندر دوبے کو ہٹا دیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ سبھاش چندر دوبے سے سہارنپور ضلع سنبھل نہیں پا رہا تھا۔ ادھر ڈی ایم این پی سنگھ کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ سال 2013 کے مظفرنگر فسادات کے وقت بھی وہاں کے ایس ایس پی سبھاش چندر دوبے ہی تھے۔ وہاں بھی فسادات کے بعد انہیں معطل کر دیا گیا تھا۔ وہیں سہائے کمیشن نے اپنی رپورٹ میں سبھاش چندر دوبے کے خلاف سخت تبصرہ کیا تھا۔
 یوگی حکومت نے نئی تعیناتی ہونے تک مظفرنگر کے ایس ایس پی ببلو کمار کو سہارنپور میں خیمہ زن رہنے کی ہدایت دی ۔ ساتھ ہی ساتھ ببلو کمار کو ارد گرد کے اضلاع سے طلب کی گئی پی آر وی وین کا انچارج بھی بنا دیا گیا ہے۔ فی الحال ایس ایس پی مظفرنگر کے کندھوں پر سہارنپور کے حالات سنبھالنے کی ذمہ داری ہے۔