اقوام متحدہ میں نہیں ہوگی سشما سوراج اور محمود قریشی کی ملاقات ، ہندوستان نے منسوخ کی میٹنگ

01:55PM Fri 21 Sep, 2018

ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر میٹنگ رد ہوچکی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی میٹنگ کو ہندوستان نے رد کردیا ہے ۔ جموں و کشمیر پولیس کے تین جوانوں کے قتل اور برہان وانی پر پاکستان کے اسٹامپ جاری کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہندوستان نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور بات چیت ایک ساتھ نہیں ہوسکتی ہے۔ ہندوستان جوانوں کے قتل سے ناراض ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ ایسے ماحول میں میٹنگ نہیں ہوپائے گی۔
 خیال رہے کہ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے جمعرات کو کہا تھا کہ سشما سوراج اور پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات اس مہینے کے آکر میں ہوگی ۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی حکومت کی اپیل پر ہندوستان میٹنگ کیلئے تیار ہے ۔ یہ وزیر خارجہ سطح کی میٹنگ ہوگی ۔ حالانکہ انہوں نے کہا کہ یہ صرف میٹنگ ہے ۔ پاکستان کی جانب سے درخواست کی گئی تھی ، اس میٹنگ کو بات چیت نہ سمجھا جائے۔