سی اے اے احتجاج: بی جے پی ترجمان سنبت پاترا کی بوکھلاہٹ، شاہین باغ کوکہا 'توہین باغ'
03:19PM Sat 25 Jan, 2020
نئی دہلی: سیاسی لیڈران وقت بوقت متنازعہ بیانات دیتے رہتے ہیں، لیکن بی جے پی کے ترجمان سنبت پاترا اکثر وبیشتر اپنے بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں۔ اب انہوں نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کی مخالفت میں احتجاج کے لئے پورے ملک میں آئیڈیل بن چکے جامعہ نگر کے شاہین باغ علاقے سے متعلق بیان بازی کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئرکرتے ہوئے شاہین باغ کو 'توہین باغ' کہہ دیا ہے۔
دراصل معاملہ کچھ یوں ہےکہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کی مخالفت میں احتجاج کے دوران جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے طالب علم شرجیل امام کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے، جس میں آسام کو ہندوستان سے الگ کرنےکی بات کررہا ہے۔ اسی ویڈیو کو سنبت پاترا نے ٹوئٹرپرشیئر کرکے شاہین باغ کا بتایا ہے۔ بی جے پی کے ترجمان سنبت پاترا نے اس ویڈیو کو شاہین باغ کا بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہاں ہندوستان کے ٹکڑے کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ حالانکہ نیوز 18 اس ویڈیو کی صداقت کی تصدیق نہیں کرتا ہے۔
وہیں آسام کے وزیر ہیمنت بسو شرما نےکہا کہ شاہین باغ کے احتجاجی مظاہرہ کے اہم کنوینر شرجیل امام کے اس ملک مخالف بیان پرحکومت نے نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف معاملہ درج کرانےکا فیصلہ لیا ہے۔ دراصل جے این یو کے طالب علم شرجیل امام کا ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے۔ بی جے پی ترجمان سنبت پاترا نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اعتراض کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس موضوع پر پریس کانفرنس کرکےکہا ہےکہ احتجاج کی جگہ شاہین باغ نہیں، بلکہ دشاہین باغ (بے سمت باغ) ہے، توہین باغ ہے۔
شرجیل کا جو ویڈیو وائرل ہورہا ہے اس میں وہ مبینہ طور پر یہ کہتا سنائی دے رہا ہے، 'ہمارے پاس پانچ لاکھ لوگ ہوں منظم تو ہم آسام یا شمال مشرق سے ہندوستان کو ہمیشہ کے لئے الگ کر سکتے ہیں۔ مستقل نہیں تو ایک دو ماہ کے لئے آسام کو ہندوستان سے کٹ کرہی سکتے ہیں۔ ریلوے ٹریک پر اتنا ملبہ ڈالو کہ ان کو ایک ماہ ہٹانے میں لگےگا...۔ جانا ہوتو جائیں ایئر فورس سے۔ آسام کو کاٹنا ہماری ذمہ داری ہے'۔