عوامی قیادت کے لیے سرگرم اور مخلص نوجوانوں کو سیاسی طور پر بااختیار بنانا وقت کا اہم تقاضا ۔ عبدالحنان

04:14PM Mon 31 Jul, 2017

بنگلور ( بھٹکلیس نیوز) ۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے ریاستی صدر عبدالحنان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ملک کے موجودہ صورتحال کے تناظر میں عام لوگوں کے درمیان سیاسی شعور بیدار کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ سیاست سے واقفیت رکھنے والے شہری ہی قانون ساز ایوانوں میں ایماندار اور فعال نمائندوں کو منتخب کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ عوام کا یہ حال ہے کہ وہ ہر انتخابات کے بعد 4سال منتخب نمائندوں کی غیر فعال ہونے پر ان پر تبصرہ و تنقید کرکے گذار دیتے ہیں اور 5واں سال ان نام نہاد سیاسی ایجنٹوں کا ہوتا ہے جو اپنے سیاسی مالکان کو خوش کرنے کے لیے عوام کے درمیان جاکر انہیں گمراہ کرتے ہیں اور پھر دوبارہ اسی بدعنوان عوامی نمائندے کے لیے ووٹ طلب کرکے انہیں کامیاب کرانے کے کام میں لگ جاتے ہیں۔ دوسرے الفاظ میں کہا جائے تو نام نہاد ایجنٹ جو بدعنوان سیاستدانوں کے لیے کام کرتے ہیں وہ اپنے مفاد اور عارضی فائدے کے لیے عوام کو گمراہ کرکے انہیں غلط فیصلے لینے پر اور ان بدعنوان سیاستدانوں کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لیے مجبور کردیتے ہیں۔ ایسے حالات میں ہماری ذمہ داری بنتی ہے ہم عوام کو موجودہ سماجی و سیاسی صورتحال سے آگاہ کریں۔تاکہ عوام میں سیاسی طور پر بہتر فیصلے کرنے اور ایسے نمائندے جو معاشر ے کی بہتری کے لیے کام کرتے ہوں ایسے مخلص نمائندوں کو منتخب کرکے ایوانوں میں بھیجنے کا شعور پیدا کرسکیں۔ ریاستی صدر عبدالحنان نے ایسے سیاستدان جو اقربا پروری کرتے ہیں ان پر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ خود غرض سیاستدان کمیونٹی کے با صلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرکے ان کو سیاسی میدان میں نمائندگی کرنے کے لیے تیار کرنے کی بجائے اپنے بیٹوں، پوتوں اور رشتہ داروں کو فوقیت اور فروغ دیتے ہیں۔عبدالحنان نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیونٹی میں ایسے بہت سارے نوجوان ہیں جو سماجی سرگرمی میں مصروف ہیں اور وہ معاشرے کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں۔ ان کی اس قربانیوں کو خاندانی سیاستدان نظر انداز کردیتے ہیں۔ سیاستدانوں کو چاہئے کہ وہ کمیونٹی کے ان مخلص نوجوان سیاستدانوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ اپنے معاشرے کے لیے بہتر خدمات انجام دے سکیں اور مستقبل میں وہ ملک کے رہنما بن سکیں۔ عبدالحنان نے کہا کہ اس کے لیے ہمیں مستقبل کے نئی نسل کو قیادت کی تیاری کرانے کے مقصد سے اقدامات اٹھانا چاہئے۔ ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر عبدالحنان نے اپنے بیان میں عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوامی نمائندوں کے جھوٹے وعدوں میں نہ آئیں اور عوامی نمائندے منتخب کرنے سے پہلے یہ احتساب کریں کہ وہ کس کو اور کیسے عوامی نمائندے کو اپنا قیمتی ووٹ دیکر منتخب کررہے ہیں ۔عوام میں اگر سیاسی واقفیت اور شعور آجائے تو وہ جان سکیں گے کونسی سیاسی پارٹی یا امیدوار سیکولر ہے اور کونسی سیاسی پارٹی فرقہ واریت کو فروغ دیتی ہے۔عبدالحنان نے ریاست کے تمام علماء، دانشوران، تنظیمیں اور سرگرم کارکنوں سے اپیل کیا ہے کہ وہ عوام کے درمیان سیاسی بیداری اور سیاسی شعور لانے کے لیے میدان میں آئیں تاکہ ملک کو بدعنوان اور فرقہ پرست سیاستدانوں کے چنگل سے آزاد کیا جاسکے۔