امیر شریعت کرناٹک مفتی اشرف علی باقوی صاحب کا انتقال

10:24AM Fri 8 Sep, 2017

بھٹکلیس نیوز / 8 ستمبر،2017 بنگلور / (نامہ نگار) امیر شریعت کرناٹک و مہتمم و شیخ الحدیث دارالعلوم سبیل الرشاد بنگلور مفتی اشرف علی باقوی رحمۃ اللہ علیہ کا کل رات قریب گیارہ بجے مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ مفتی اشرف علی باقوی صاحب  کی موت  کوملک بھر کے علماء و دانشوران نے امت کے لئے ایک خسارہ اور ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ مفتی اشرف علی باقوی صاحب نہ صرف مہتمم اور امیر شریعت کرناٹک تھے بلکہ وہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن عاملہ ،آل انڈیا ملی کونسل کے نائب صدر، کل ہند اسلامی فقہ اکیڈمی کے نائب صدر، رابطہ ادب اسلامی کرناٹک کے صدر، مدرسہ اشرف العلوم میسور کے صدر کے ساتھ ساتھ کئی اہم مناصب پر فائز بھی تھے اور دوسری طرف کئی علماء و مشائخ سے بیعت بھی تھے۔ لوگوں میں ان کی چاہت اور قربت کو دیکھتے ہوئے ان کے اقرباء نے کل صبح ان کی تدفین کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کہیں بھیڑ سے مسئلہ الجھ نہ جائے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مفتی اشرف علی صاحب باقوی ادارہ بھٹکلیس سے بھی کافی قریب تھے یہی وجہ ہے کہ فروری،2017 کو بنگلور میں جب بھٹکلیس کے اردو آڈیو ایپ کی رونمائی تقریب ہوئی تھی اس وقت مفتی مرحوم مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے تھے اور وہاں ایک نہایت پر مغز خطاب کرتے ہوئے بھٹکلیس کے کام پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ اللہ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے، امت کو ان کا نعم البدل نصیب فرمائے اور ان کے پسماندگان و لواحقین کو صبر جمیل نصیب فرمائے۔ آمین