علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا اعزاز تمام علیگ برادری کا اعزاز: ڈاکٹر جسیم محمد

12:31PM Mon 27 Jun, 2016

علی گڑھ27؍جون: علی گڑھ کے ممتاز سماجی کارکن اور معروف قلم کار و ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے مدیرِ اعلیٰ ڈاکٹر جسیم محمد نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ( ریٹائرڈ) کو سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ذریعہ مکہ میں دی جانے والی شاہی دعوت میں مدعو کئے جانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا اعزاز تمام علیگ برادری کا اعزاز ہے جس پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شاہ اگر کسی انسان کو شاہی دعوت میں مدعو کرتے ہیں تو یہ کسی کم اعزاز کی بات نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دعوت میں وائس چانسلر جنرل شاہ نے سعودی عرب کے اسلامی افیئرس کے منسٹر صالح الشیخ سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ترقیاتی عمل پر تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب کے شاہ کی جانب سے دی جانے والی شاہی دعوت میں وائس چانسلر کی موجودگی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ترقیاتی عمل کے لئے فالِ نیک ثابت ہوگی۔ واضح ہوکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ(ریٹائرڈ) آج کل عمرہ کی غرض سے سعودی عرب کے دورہ پر ہیں اور مکۃالمکرمہ میں سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدلعزیز کی جانب سے منعقدہ ایک عظیم الشان دعوت میں شاہ سلمان نے جنرل شاہ کو مدعو کیا۔ اس دعوت میں انٹیگرل یونیورسٹی، لکھنؤ کے چانسلرڈاکٹر ایس آر اعظمی ندوی اور دیگر معززین بھی موجودتھے۔
4094722243912995