پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کی ہندوستان نے اقوام متحدہ سے کی درخواست

03:15PM Sat 20 Jan, 2018

اقوام متحدہ ۔ ہندوستان نے پاکستان کو نشانہ بناتے ہوئے وہاں موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرنے کے لئے اقوام متحدہ سے درخواست کی ہے ۔ اقوام متحدہ میں ہندستان کے مستقل نمائندہ سید اکبرالدین نے سلامتی کونسل میں افغانستان کے تعلق سے خصوصی میٹنگ کے دوران کہا کہ افغانستان میں امن کے لئے صرف اس کی حمایت میں آوازاٹھانا ہی کافی نہیں ہے ۔ ہمارے علاقہ اور افغانستان کو سرحد پر ان پناہ گاہوں سے پیدا ہونے والی دہشت گردی کے چیلنجوں کا سامنا کرنے پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ مسٹر اکبرالدین نے کہا کہ افغانستان کے دورے کے وقت 25دسمبر2015کو وزیر اعظم نریندرمودی نے پاکستان کے شہر لاہور کا دورہ کیا تھا۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ اس دورے کے فورا بعد یکم جنوری 2016کو پٹھان کوٹ ائیربیس پر دہشت گردانہ حملہ ہوا جو اسی طرح منصوبہ بند تھا جیسا افغانستان میں ہر دن ہوتا ہے ۔ مسٹراکبرالدین نے کہا کہ یہ حملہ اس طرح کی ذہنیت رکھنے والوں کے ذریعہ کیا گیا جو دہشت گردی کو اچھے اور برے زمروں میں تقسیم کرتے ہیں ۔ امن کے قیام میں رکاوٹ ڈالنے والی یہ ذہنیت خطہ کی ترقی اور لوگوں اور نوجوانوں کے لئے مشترکہ مستقبل کی تعمیر کے لئے آگے بڑھنا نہیں دینا چاہتی ۔اس ذہنیت کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ مسٹر اکبرالدین نے کہا کہ افغانستان میں ایک مشہورقول ہے ’’اگر کیچڑ کا پانی اوپر سے نیچے آ رہا ہے تو نیچے کی صفائی میں وقت ضائع نہ کریں ،اوپر کی کیچڑ کو صاف کرنے کی ضرورت ہے ۔ ویسے ہی افغانستان میں قیام امن کے لئے کی گئی اپیل پر کارروائی کافی نہیں ہے ۔ہمیں سرحد پار سے ہونے والے دہشت گردانہ حملوں پر بھی توجہ دینی چاہئے ۔‘‘ پاکستانی فوج کے ذریعہ جموں کشمیر میں سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرکے شہری علاقوں کو نشانہ بنائے جانے پر وزارت خارجہ نے کل نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنرسید حیدرشاہ کو طلب کر کے سخت احتجاج درج کرایا تھا۔